ایک چورکے جانے دوسرے چورکے آنے سے ملک وقوم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا، مجاہد چنا

ایک خاندان کی بجائے تمام چوروں کا احتساب کا مطالبہ کرتے ہیں،ملک کاوزیراعظم بھی اگر صادق وامین نہ تو پھر اس ملک وقوم کا کیا حال ہوگا،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی سندھ

پیر 17 جولائی 2017 18:20

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہاہے کہ ایک چورکے جانے اوردوسرے چورکے آنے سے ملک وقوم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا،یہی وجہ ہے کہ عام آدمی جے آئی ٹی کے فیصلہ سے زیادہ مہنگائی،بدامنی ،بیروزگاری سمیت اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیئے فکرمند ہے۔ جماعت اسلامی کسی بھی غیرجمہوری فیصلے کی حمایت نہیں کرے گی کیوں کہ ہم کسی کی ذاتیات اورایک خاندان کی بجائے تمام چوروں کا احتساب کا مطالبہ کرتے ہیںالبتہ حکمران خاندان سے احتساب کا آغازجمہوریت کا حسن ہے،سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی نی" احتساب سب کا "کے نعرے کے تحت ملک گیرتحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے،جس میں ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ کرکے کرپشن اورکرپٹ قیادت سے نجات حاصل کرنے کی بات کی جائے گی ، یہاں طرفہ تماشہ تو یہ ہے کہ جو لوگ خود پائوں سے لیکرگھٹنوں تک اخلاقی ومالی کرپشن میں ملوث ہے وہ بھی احتساب کے بلندوبانگ دعوے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے ناسور نے قومی اداروں کو تباہ اورملکی سالمیت اورعزت ووقار بھی دائو پرلگادیا ہے ،اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پرمعرض وجود میں آنے والے ملک کاوزیراعظم بھی اگر صادق وامین نہ تو پھر اس ملک وقوم کا کیا حال ہوگا، گذشتہ ستر سالوں سے ملک پرقابض مٹھی بھرکرپٹ اشرافیہ کے ٹولے نے بیس کروڑ عوام کے حقوق پرڈاکہ ڈالا ہوا ہے غریب دووقت کی روٹی کے لیئے پریشان تو حکمرانوں کے اثاثہ جات میں دن رات اضافہ ہوتا جارہاہے ، اس لیے جب تک عوام کرپشن اورکرپٹ قیادت سے نجات حاصل نہیں کرتے اس وقت تک ان پرمہنگائی کی بمباری ہوتی رہے گی، ایک سوال کے جواب میں جماعت اسلامی کے ترجمان مجاہدچنا کا کہنا تھا کہ تمام دینی جماعتوں کی ترجیح اول ہے کہ دینی ووٹرکو متحد رہے،سینیٹرسراج الحق نے تودینی جماعتوں کے اتحاد کے لیئے پھلے سے ہی تمام اختیارات مولانا فضل الرحمان کے حوالے کئے ہوئے ہیں ،باہمی رابطے بھی جاری ہیں ۔

دینی جماعتوں کے درمیان دوریاں پیداکرنے والوں کو ان شاء اللہ ناکامی ہوگی ، اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ایم ڈی عمرانی اورسابق صدور زاہدحسین رند اورعبدالرحمان آفریدی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں