پاکستان پرچم پارٹی کا امریکی صدر کی پاکستان کو دھمکیاں دینے کے خلاف 30اگست کو ملک بھر میں ’’یوم للکار‘‘ منانے کا اعلان

ہفتہ 26 اگست 2017 19:33

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اگست2017ء) پاکستان پرچم پارٹی نے امریکی صدر کی پاکستان کو دھمکیاں دینے کے خلاف 30اگست کو ملک بھر میں ’’یوم للکار‘‘ منانے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین نے امریکی صدر ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کے اعلان میں پاکستان کو دھمکی دینے اور بھارت کی تعریف کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی افغان پالیسی در حقیقت بھارت اور امریکہ کی جانب سے پاکستان پر حملہ کرنے کی اطلاع اور بلیک میلنگ ہے جس کا فوری منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ، ملک الطاف نے مزید کہا کہ امریکی دھمکی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم 30اگست کو ’’یوم للکار‘‘ منائے اور قومی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں امریکی صدر کی دھمکیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے اور بتایا جائے کہ ہر پاکستانی اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اگر امریکہ نے پاکستان پر حملہ کرنے کی غلطی کی تو پاکستان کو امریکی فوج کا قبرستان بنا دیں گے ، انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی دھمکیوں کے بعد دوست ممالک کے دروازے کھٹکھٹانے سے پہلے ہمیں خود میدان میں کھڑے ہوکر ایک اللہ کے بھروسے پر پاکستان کے دشمنوں کو للکارنا چاہئے کیوں کہ کوئی کسی کی جنگ نہیں لڑتا البتہ ہمارے حکمران اب تک افغانستان میں امریکہ کی جنگ لڑرہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے گٹھ جوڑ کو ایک ساتھ للکارتے ہوئے پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑی جائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع سمیت خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کو روک دیا جائے پاکستان کے اندر امریکی جرنیلوں کو بریفنگ دینے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کردیا جائے اور مزید یہ کہا کہ افغانستان سے تمام غیر ملکی فوجوں کے انخلاء کا فوری مطالبہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں