جیکب آباد پولیس کی کاروائی، ایس ایچ او تھانہ دوداپور نے 10 لاکھ انعام یافتہ ڈکیت کو گرفتار کر لیا

جمعرات 21 دسمبر 2017 19:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2017ء) جیکب آباد پولیس کی کاروائی، ایس ایچ او تھانہ دوداپور نے 10 لاکھ انعام یافتہ ڈکیت کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے دوداپور تھانہ کی حدود جعفرآباد روڈ نزد تاجا شاخ کے قریب چیکنگ کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایس ایس پی جیکب آباد سرفراز نواز شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ انعام یافتہ خطرناک ڈکیت بلوچستان سے جیکب آباد کی حدود میں آرہا ہے ایسی اطلاع کے بعد ایس ایچ او دوداپور تھانہ سب انسپکٹر عبدالعزیز قریشی نے دوداپور کی حدود میں جعفر آباد روڈ نزد تاجا شاخ پہ چیکنگ کا عمل جاری کیا، دوران چیکنگ ایس ایچ او تھانہ دوداپور نے بلوچستان سے آتے ہوئے ایک شخص کو ڈبل بیرل بندوق اور 15 کارتوس سمیت گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار مجرم کا نام سردار عرف نور محمد عرف معشوق ولد پیرل عرف فضل محمد ڈھانی ہے اور یہ خطرناک ڈکیت جیکب آباد پولیس کو اغوا اور پولیس مقابلوں کے 10 کیسوں میں مطلوب ہے اور اس ڈکیت کے زندہ یا مردہ گرفتاری پر گورنمنٹ آف سندھ نے 10 لاکھ کا انعام مقرر کیا ہے۔گرفتار ڈکیت کے خلاف بغیرلائسنس کے ڈبل بیرل بندوق اور 15 کارتوس رکھنے پر اسلحہ ایکٹ کے تحت تھانہ دوداپور پرکیس داخل کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی جیکب آباد کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ دوداپور اور پولیس ٹیم کے لئے شاباش اور تعریفی سرٹیفکیٹ بمعہ نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں