جے یو آئی نے آئندہ انتخابات میں آصف زرداری، بلاول بھٹوزرداری اور مراد علی شاہ سے مقابلے کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا

جمعرات 11 جنوری 2018 22:23

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2018ء) جے یو آئی نے آئندہ انتخابات میں آصف زرداری، بلاول بھٹوزرداری اور مراد علی شاہ سے مقابلے کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نے آئندہ انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مقابلے کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ، جے یوآئی کی جانب سے مولانا عبدالقیوم ہالیجوی سابق صدر آصف علی زرداری، جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی رہنما انجینئر عبدالرزاق لاکھو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مد مقابل امیدوار ہونگے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما انجینئر عبدالرزاق لاکھو نے اس سلسلے میںجیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ عوام بیدار ہوجائے اور سندھ دشمنوں کے خلاف اپنا ووٹ استعمال کرکے ان کو شکست دیں، انہوں نے کہا کہ 18فروری کو ہٹڑی بائے پاس پر منعقدہ جلسہ عام سے اپنی مہم کا آغا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گی اور انشاء اللہ پیپلز پارٹی کو بدترین شکست سے دوچار کریں گے، عبدالرزاق لاکھو کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی اقتدار میں آکرعوام کے بنیادی مسائل کو حل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں