بلوچستان میں ’’ن‘‘ کے وزیر اعلیٰ کو ’’ق‘‘ سے بدلہ گیا ہے ، حافظ حسین احمد

پہاڑی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس میدانی علاقوں میں زیادہ محسوس ہوتے ہیں، زرداری میں بینظیر کی روح آتی تو اچھا تھا،زرداری نے بینظیر کو مائنس کرکے بھٹو کے روح کی بات کی ، سینیٹ انتخابات نارمل ہوتے نظر نہیں آرہے، ٹیکنو کریٹ کے لیے گنجائش پیدا کی جارہی ہے ،فروری میں موسم اور انداز تبدیل ہونگے اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی تبدیل ہوسکتے ہیں،امریکہ کو ہم نے دھوکا نہیںبلکہ ’’ دھوکا‘‘ اور ’’ ڈالر‘‘ دیا ہے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 15:46

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ’’ن‘‘ کے وزیر اعلیٰ کو ’’ق‘‘ سے بدلہ گیا ہے ، بلوچستان میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس پورے ملک میں محسوس ہونگے، زرداری نے بینظیر کو مائنس کرکے بھٹو کے روح کی بات کی ہے،روحیں قبض کرنے کی سازش کرنے والوں کے پاس روحیں نہیں آتی، سینیٹ کے انتخابات نارمل ہوتے نظر نہیں آرہے، ٹیکنو کریٹ کے لیے گنجائش پیدا کی جارہی ہے ، امریکہ کو ہم نے دھوکا نہیںدیا بلکہ ’’ دھوکا‘‘ اور ’’ ڈالر‘‘ امریکہ نے ہمیں دیا ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی لیگی حکومت کو لیگی حکومت سے بدلہ گیا ہے ابھی بھی بلوچستان میں ’’ن‘‘ کے وزیر اعلیٰ کو ’’ق‘‘ سے بدلہ گیا ہے لیکن لگتا ہے کہ وہ اب ق میں نہیں ’’کوہ قاف‘‘ میں ہیں ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات اچھے ہو یا برے ہو وہ پورے ملک پر پڑتے ہیں ،بلوچستان کی سرحدیں جیکب آباد اور کراچی دونوں سمت سے سندھ سے ملتی ہیں اور جب پہاڑی علاقوں میں زلزلہ آتا ہے تو اس کے آفٹر شاکس میدانی علاقوں میں زیادہ محسوس کئے جاتے ہیں خیبر پختونخواہ کی سرحدیں بھی بلوچستان سے ملتی ہیں اس وقت ہم سب ’’افغان ایشوز‘‘ متاثر ہیں اور افغانستان کے حوالے سے بلوچستان اور کے پی کے زیادہ متاثر رہے ہیں ،امریکہ نے بھی ہم پر مہربانی افغان حوالے سے کی وہ مہربانی ہمارے گلے پڑ گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا یہ کہنا کہ پاکستان نے دھوکا دیا ہے حالانکہ ہمیں جو کچھ دیا امریکہ نے دیا ہے ’’دھوکا‘‘ دیا ہے یا ’’ڈالر‘‘ دیا ہے ہم امریکہ کو دینے والے کون ہیں ہم تو دھوکا اور ڈالر لینے والے ہیں، امریکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہم ساتھ دیتے تو کس کا دیتے بلوچستان میں ثناء اللہ زہری اکیلا رہ گیا اور 41لوگ دوسری طرف تھے یہی خاصیت ہے مسلم لیگیوں کی کہ وہ نامساعد حالات میں ایسے ہی کرتے ہیں ماضی میں بھی جب پرویز مشرف آئے تو اس کے بعد ’’لیگی چراغوں‘‘ میں روشنی نہیں رہی سارے ’’ق‘‘ ہوگئے ، پیپلز پارٹی کو نشانہ بناتے وقت بھی کمین گاہ میں جو لوگ بیٹھ کر ساتھ دیتے رہے آج وہ خود شکار ہورہے ہیں کل وہ شکاری کے ساتھ تھے، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ میں کبھی میثاق جمہوریت شروع ہی نہیں ہوئی تھی ان کے درمیان میثاق مفاہمت تھی، انہوں نے کہا کہ فروری کا مہینہ اہم بھی اور سب سے چھوٹا بھی ہے سردیوں کے دن چھوٹے اور راتیں بڑی ہوتی ہیں موسم بھی تبدیل ہوگا انداز بھی تبدیل ہوگا اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی تبدیل ہوسکتے ہیں، حافظ حسین احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کاش زرداری میں بینظیر کی روح آجاتی تو بڑی اچھی بات تھی کیوں کہ ان کا تعلق بینظیر کے ساتھ تھا اگر روح آنی تھی تو ان کی آتی انہوں نے کہا کہ روحیں قبض کرنے کی سازش کرنے والوں کے پاس روحیں نہیں آتی ،زرداری بینظیر بھٹو کے فلسفے کی بات کرتے ہیں اور روح ان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آجاتی ہے حالانکہ درمیان میں بینظیرشہید آتی ہیں بینظیر کو کیوں مائنس کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات نارمل انداز میں ہوتے نظر نہیں آرہے اور اس کے اثرات کچھ شخصیات اور جماعتوں کے لیے مسئلہ پیدا کریں گے، حالات جس سمت کی طرف جارہے ہیں بظاہر تو آئین میں ٹیکنو کریٹ کے لیے گنجائش نہیں ہے لیکن گنجائش پیدا کی جاسکتی ہے ، ایم ایم اے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں ایم ایم اے کا اجلاس ہوگا ایم ایم اے کی ’’بے حالی ‘‘ کے ذمہ دار اگر سنجیدگی کا مظاہرہ کرینگے تو کچھ ہوگااس میں ایک بات ہے کہ جے یو آئی مسلم لیگ نواز اور جماعت اسلامی کو تحریک کا ساتھ چھوڑنا ہوگا ان کے ساتھ قربت ختم ہوگی تو ان کی آپس میں قربت پیدا ہوگی۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں