ملک میں انصاف بہت مہنگا ہوچکا ہے ، حافظ حسین احمد

وزیر اعظم ،اپوزیشن لیڈر ،چیف جسٹس ،سابق وزیر اعظم انصاف کی بات کررہے ہیں ،سیاستدان اپنے میلے کپڑے سپریم کورٹ میں دھونے جارہے ہیں ،شہید بینظیر بھٹو ،شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے ایک ہی ہیں، صحافیوں سے گفتگو

پیر 26 مارچ 2018 20:17

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اورجمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ ملک میں انصاف مہنگاہوچکاہے ،وزیر اعظم ،اپوزیشن لیڈر ،چیف جسٹس ،سابق وزیر اعظم انصاف کی بات کررہے ہیں ،سیاستدان اپنے میلے کپڑے سپریم کورٹ میں دھونے جارہے ہیں ،شہید بینظیر بھٹو ،شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے ایک ہی ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہاکہ آج ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچارہے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قوم کی سالمیت اور جمہوریت کی بحالی کے لیے ایک پیج پر آئیں اور اس کے لیے شائستگی اور دلیل کی بنیاد پر بات کرنی ہوگی ،بدقسمتی سے ہمارے ملک میں کچھ سیاسی رہنماء ایک دوسرے کے خلاف جوزبان اور انداز استعمال کررہے ہیں اس سے ماحول میں کشیدگی میں اضافہ ہواہے اسی وجہ سے مخالفین اپنے مخالفین پر جوتوں اور سیاہی سے حملے کررہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ شائستگی ختم ہوچکی ہے اگر قائدین شائستگی کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ان کے کارکنان یہی عمل دہرائیں گے ،انہوںنے کہاکہ ہمارے قائدین کے خلاف گندی زبان استعمال ہوتی ہے مگر ہم نے اپنے کارکنا ن کو سمجھایاہے کہ گالی کاجواب دلیل سے دیں ،انہوںنے کہاکہ ملک میں انصاف کا حصول ممکن نظر نہیں آرہا ہرکوئی انصاف کے لیے میدان میں ہے عمران خان ،خورشید شاہ ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف اوران کاخاندان کہہ رہاہے کہ ان کو انصاف نہیں ملا آج چیف جسٹس بھی کہہ رہے ہیں کہ انصاف نہیں ملا کون کہاں جائے کس کے پاس فریاد لے کرجائے انصاف مہنگاہوچکاہے وزیر اعظم کو بھی انصاف نہیں مل رہا تو ایک غریب کو کہاں سے انصاف ملے گا ،انہوں نے کہاکہ نوازشریف کہہ رہے ہیں کہ میں نے منی ٹریل نہیں کی اگر انہوںنے منی ٹریل نہیں کی تو ہمیں کان میں ہی بتادیں کہ پیسے کہاں سے کمائے جے یوآئی کے قائدین بھی پارلیمنٹ ،سینیٹ اور وزارتوں پر رہے ہیں انہوںنے تو پیسہ نہیں کمایا ہم اورہماری قیادت احتساب کے لیے تیارہے آئیں ہمارااحتساب کریں ہم احتساب دینے کے لیے تیارہیں ،انہوںنے کہاکہ نوازشریف صرف اپنی ذات کے لیے ووٹ کی عزت بات کررہے ہیں بلکہ ووٹوں سے بننے والی پارلیمنٹ کو بھی عزت دینی چاہیے ،انہوںنے کہاکہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل میں ملوث سہولت کاروں کو بھی گرفتارکیاجائے ہماری حکومت آئے گی تو ہم شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں سمیت شہید مرتضیٰ بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھی گرفتارکریں گے ان کے قتل میں ایک ہی قاتل ملوث ہے ،انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے پانچ سال حکومت کی مگر اپنی والدہ کے قاتلوں کو گرفتارنہیں کرایاشاید بلاول بھٹو زرداری کی نزدیگ کی نظر کمزور ہے ان کو نزدیگ والے لوگ بھی نظر نہیں آرہے ،انہوںنے کہاکہ نگراں وزیراعظم کے لیے آئینی ضروریات کو پوراکیاجائے اورپارلیمنٹ کے ذریعے نگراں وزیراعظم مقررکیاجائے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم گالی دینے والے کابھی نکاح اورجنازہ پڑھاتے ہیں اورہم آخری دم تک تدفین تک ان کے ساتھ رہتے ہیں

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں