حلقہ این ای196جیکب آباد میں پیپلز پارٹی کے میراعجاز حسین جکھرانی اور سابق نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو کے درمیان مقابلہ ہو گا

محمد میاں سومرو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں، اعجاز جکھرانی 2002ء سے مسلسل کامیاب ہوتے رہے ہیں اعجاز جکھرانی حلقے میں مقبول ترین سیاسی شخصیت ، محمد میاں سومرو پہلی مرتبہ عام لوگوں سے ووٹ مانگنے جا رہے ہیں،حاجی سلطان احمد

بدھ 27 جون 2018 21:38

جیکب آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این ای196جیکب آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما میراعجاز حسین جکھرانی اور سابق نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو کے درمیان مقابلہ ہو گا، دونوں کے کاغذات نامزدگی بحال ہو گئے ہیں۔ محمد میاں سومرو پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مذکورہ حلقے سے میر اعجاز حسین جکھرانی 2002ء سے مسلسل بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

وہ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے چیف وہیپ تھے۔ رپورٹ کے مطابق جیکب آباد ضلع کوپیپلز پارٹی کا سیاسی گڑھ سمجھا جاتا ہے،اس ضلع سے پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ اعجاز جکھرانی پی پی پی لاڑکانہ ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔

(جاری ہے)

محمد میاں سومرو کو جی ڈی اے کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے ٹکٹ کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔

جیکب آباد میں دونوں امیدواروں نے اپنی اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ اعجاز حسین جکھرانی حلقے میں مقبول ترین سیاسی شخصیت ہیں جبکہ محمد میاں سومرو پہلی مرتبہ عام لوگوں سے ووٹ مانگنے جا رہے ہیں۔اس ضلع میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی اور جماعت نے سیٹ نہیں جیتی ۔ ایک ووٹر حاجی سلطان احمد کا کہنا ہے کہ محمد میاں سومرو کو ہم نے کبھی دیکھا ہی نہیں، کیوں کہ وہ ہمیشہ بیرون ملک ہوتے ہیں۔اس کا چہرہ پہلی بار اس وقت دیکھنے کو ملے گا جب وہ ووٹ مانگنے آئے گا۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں