جیکب آبادکی واٹرسپلائی زبوں حالی کاشکار ،12میں سے صرف3موٹریں کارآمد

جمعرات 19 جولائی 2018 17:40

جیکب آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) جیکب آبادکی واٹرسپلائی زبوں حالی کاشکار ،12میں سے 3موٹریں چل رہی ہیں باقی خراب کلورین اور پھٹکی کے شہریوں کو آلودہ پانی کی فراہمی کا انکشاف یوایس ایڈ کے فراہمی آب کا منصوبہ سست روی کاشکار دوسال میں مکمل ہونے والا منصوبہ چار سال میں بھی مکمل نہ ہوسکا شہری آج بھی صاف پانی سے محروم واٹر کمیشن کی ٹیم کو ماموں بنادیاگیا تفصیلات کے مطابق مشرف دورمیں سابق نگراں وزیراعظم کی کوششوںسے سوا ارب کی لاگت سے تیارکیے گئے واٹر سپلائی اسکیم غفلت کی وجہ سے تباہی کاشکارہے اسکیم کوچلانے کے لیے نان ٹیکنیکل عملے نے اسکیم کو ناکارہ بنادیاہے ،80ہارس پاور کی 12میں سے 9موٹریں خراب ہیں اورصرف تین چل رہی ہیں ،مذکورہ اسکیم کے تحت پہلے شہریوں کو پانی فلٹر کرکے کلورین گیس سے گزار کر پھٹکی ڈال کر صاف شفاف پانی فراہم کیاجاتاتھا لیکن اب شہریوں کو کلورین گیس اور پھٹکی کے بغیر مضر صحت پانی فراہم کرنے کا انکشاف ہواہے بجلی بند ہونے کی صورت میں متبادل طورپر جنریٹر بھی موجودتھا جواب خراب بتایاجاتاہے یوایس ایڈ کی جانب سے مذکورہ واٹرسپلائی اسکیم میں ایک لیگون کا اضافہ کیاگیاہے جس کا کام سست روی کاشکارہے جبکہ شہرمیں چھ اوورہیڈ ٹینک میں سے صرف ابھی تک چار مکمل ہوپائے ہیں اور اسپیشل فورس روڈ اوربس اسٹینڈ کے اووہیڈ ٹینک کاکام تعطل کاشکارہے یوایس ایڈ کی جانب سے اس منصوبے کا آغاز 2014میں کیاگیا جسے دوسال میں یعنی 2016میں مکمل ہوناتھا لیکن چار سال بیتنے کے باوجود مذکورہ پروجیکٹ مکمل نہیں ہوپایا حکام کی لاپرواہی سستی اور مبینہ بدعنوانی کی وجہ سے اس وقت بھی گدھا گاڑیوں کے ذریعے فروخت کیاجانے والا پانی خریدنے پرمجبورہیں اس حوالے سے واٹر سپلائی اسکیم کے انچار ج امداد بروہی نے بتایاکہ یوایس ایڈکی جانب سے واٹرسپلائی اسکیم پر ایک اور لیگون تعمیر کیاجارہاہے جس کاکام جاری ہے اسکیم پر بجلی کی فٹنگ کاکام باقی ہے 80ہارس پاور کی چھ نئی موٹریں اور نیاجنریٹرفراہم کیاگیاہے جس کی تنصیب ہونا باقی ہے الگ سے ٹرانسفارمر بھی لیاگیاہے لیبارٹری کی تعمیر بھی جاری ہے دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کردہ واٹر کمیشن کے سربراہ امیر ہانی مسلم کو انتظامیہ کی جانب سے اندھیرے میں رکھاگیا ہے انہیں یہ نہیں بتایا گیاکہ پرانی اسکیم کے ذریعے شہر کی مخصوص آبادی کو جو پانی فراہم کیاجارہاہے وہ فلٹر شدہ نہیں اور آلودہ اور بدبودار ہے میڈیا کی نشاندہی پر امیر ہانی مسلم کاکہناتھاکہ یوایس ایڈ کی جانب سئے اسکیم کاکام جاری ہے تو پھر شہریوں کو پانی کی فراہمی کیسے کی جارہی ہے جس کا متعلقہ حکام تسلی بخش جواب نہ دے سکے اوراس طرح واٹر کمیشن ٹیم کو بھی ماموں بنادیاگیا شہر کی سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنمائوں ڈاکٹر اے جی انصاری، ندیم قریشی ،عبدالخالق قادری کاکہناہے کہ یوایس ایڈکی جانب سے جاری فراہمی آب کے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کا نوٹس لیاجائے اور غفلت کے ذمیداروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور اسکیم کو جلد مکمل کرکے شہریوں کو پینے کاصاف پانی فراہم کیاجائے مضر صحت پانی پینے کی وجہ سے شہری یرقان ،نیگیلریا اوردیگرموذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جو تشویشناک صورتحال ہے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیاجائے ۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں