پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی بحالی ، نگہداشت اور تعلیم و تربیت کیلئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں‘ڈی سی او عمارہ خان

بولنے اور سماعت سے محروم افراد بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیںان پر توجہ دی جائے تو اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ‘ڈی سی او قصور کا انجمن تاجران کے عہدیداروں کی طرف سے خصوصی افراد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 18:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) ڈی سی او قصور عمارہ خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی بحالی ، نگہداشت اور تعلیم و تربیت کیلئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں‘حکومت خصوصی افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب دیکھنا چاہتی ہے ‘حوصلہ افزائی سے خصوصی افراد معاشرے میں عام فرد کی طرح اہم مقام حاصل کر سکتے ہیں ‘بولنے اور سماعت سے محروم افراد بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں ‘اگر ان پر توجہ دی جائے تو یہ ملک و قوم کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر انجمن تاجران کے عہدیداروں محمد اکرم مغل اور دیگر کی طرف سے خصوصی افراد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی ‘ڈی او سی عبدالاسلام عارف ‘صحافیوں اور معززین شہرکی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور عمارہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل افراد کو معاشرے کا باوقار شہری بنانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ملکی ترقی میں معذور افراد کا بھی اہم کردار ہے کیونکہ یہ افراد بھی بے مثال خوبیوں کے حامل ہوتے ہیں ۔انہوں نے باالخصوص مخیر حضرات ، سماجی اور فلاحی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مقصد کیلئے آگے آئیں اور خصوصی افراد کی بحالی کیلئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ خصوصی افراد معاشرے کا فعال رکن بن سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد تربیت حاصل کر کے حلال روزی کما سکتے ہیں اور اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزار سکتے ہیں ۔

حکومت خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اور باعزت روز گار کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کیلئے سرکاری ملازمتوں میں باقاعدہ کوٹہ مختص کر دیا ہے تا کہ عام لوگوں کی طرح ان سپیشل افراد کو بھی اچھے طریقے سے روز گار کے موقعے میسر آسکیں ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ سپیشل بچوں کو بوجھ نہ سمجھیں بلکہ اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انہیں حکومت کی طرف سے قائم کئے گئے سپیشل ایجو کیشن سنٹروں میں تعلیم وتربیت کیلئے داخل کروائیں تا کہ وہ بھی معاشرے کا باوقار شہری بن سکیں ۔

ڈی سی او عمارہ خان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے اس مقصد کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے اور خصوصی بچوں کی بحالی کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے اور ان بحالی کے اداروں میں بچوں کو کتابیں ، یونیفارم ، ٹرانسپورٹ ، آلات اور دیگر سہولیات کی مفت فراہمی کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور انجمن تاجران کے عہدیداران خصوصی طور پر محمد اکرم مغل کا خصوصی افراد کی بحالی اور حوصلہ افزائی کیلئے اس پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں