عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

جلد ترکی حکومت کے تعاون سے ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کیا جائیگا جس سے شہریوں کو اعلیٰ سہولیات میسر آئینگی ‘مختلف بنیادی مراکز صحت اور آر ایچ سی ہسپتالوں کے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 3 جنوری 2017 20:31

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2017ء) ضلع بھر میں عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ‘تمام سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب نے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں ‘جلد ترکی حکومت کے تعاون سے ضلع کے تمام بنیادی مراکز صحت ‘رورل ہیلتھ سنٹر ز‘ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کیا جائیگا جس سے شہریوں کو اعلیٰ سہولیات میسر آئینگی ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز مختلف بنیادی مراکز صحت اورآر ایچ سی ہسپتالوںکے اچانک دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے گنڈا سنگھ ‘راجہ جنگ ‘رائو خانوالا کے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کا دورہ کیا اور وہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور عوام الناس کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا تفصیلا ًجائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیسن سٹورز میں موجود ادویات کے سٹاک کو بھی چیک کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمارہ خان نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ترکی حکومت کے تعاون سے ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے عمل کا آغاز کر دیا اور اس حوالے سے تمام ہسپتالوں کی موجودہ حالت کے حوالے سے سروے مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد ان ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا عمل شروع ہو جائیگا۔ جس سے ضلع قصور کے عوام کواپنی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات میسر آئینگی ۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتالوں کے ملازمین کو ہدایت کی کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اس لئے اپنے کام کو نیک نیتی کیساتھ سرانجام دیں اور کوشش کریں کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں