صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ،زہراں بی بی کے علاج معالجے کی تفصیلات کا ریکارڈ چیک کیا

ذمہ داروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ‘ڈسپنسری میں ادویات کی پیکنگ پر ناٹ فار سیل کی مہر نہ لگانے پر سٹور کیپرمعطل

پیر 9 جنوری 2017 21:46

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور کا اچانک دورہ ‘چند روز قبل جناح ہسپتال میں جابحق ہونیوالی زہراں بی بی کے علاج معالجے کی تفصیلات بارے ریکارڈ چیک کیا ‘زہراں بی بی کے علاج معالجے میں کوتاہی کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ‘اسے ایک ٹیسٹ کیس بنا کر محکمہ صحت کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائیگی ‘ڈسپنسری میں ادویات کی پیکنگ پر ناٹ فار سیل کی مہر نہ لگانے پر سٹور کیپرکو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم ‘ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنے فرائض دیانتداری اور جذبہ انسانی کے تحت سرانجام دیں ۔

یہ بات صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان ‘رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم اختر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ، ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال ، چیئر مین پبلک فسلیٹیشن کمیٹی افضال حسین زین ، چیئر مین مارکیٹ کمیٹی ناصر محمود خاں ، وائس چیئر مین جمیل احمد خاں بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر صحت کی بنیادی سہولیات عوام الناس کو انکی دہلیز پر پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں ۔ ہیلتھ کونسل کے قیام سے ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور بہت جلد پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کر دی جائینگی ۔

ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرتی کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے ۔رواں سال کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کی ری ویپنگ کا عمل مکمل ہو جائیگااور اس ہسپتال میں صحت کی جدید سہولیات باہم پہنچا دی جائینگی جس سے ضلع قصور کے باسیوں کو علاج معالجے کیلئے لاہور یا دوسرے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر زہراں بی بی کے علاج کے حوالے سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کئے گئے فوری اقدامات کے حوالے سے ریکارڈ چیک کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی ۔

انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کا اندراج ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام وارڈ ، میڈیسن سٹور ، ڈسپنسری ، آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور شہریوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈسپنسری میں ادویات کی پیکنگ پر ناٹ فار سیل کی مہر نہ لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹور کیپر رانا افتخار کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے سٹور اور ڈسپنسری کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور مریضوں کو دی جانیوالی ادویات کے ریکارڈ کو چیک کریں۔

بعدازاں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے جناح ہسپتال میں جابحق ہونیوالی زہراں بی بی کے گھر ٹبی کمبواں جا کر اس کے بیٹے محمد عمر اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں