وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل کا اجلاس ‘395ملین کے ڈویلپمنٹ اور نان ڈویلپمنٹ بجٹ کی منظوری

اجلاس میں حالیہ دہشتگردی میں شہید ہونیوالے پولیس افسران ‘اہلکاران اور شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی ‘ضلع بھر میں صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی ضرورتوں کو سوفیصد یقینی بنانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائیگا ‘ضلع کونسل کے فنڈز بلا تفریق تمام یونین کونسلز میں تقسیم کئے جائینگے ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ضلعی افسران عوامی مسائل کے حل کیلئے ممبران ضلع کونسل سے مکمل تعاون کریں ‘کنوینئر ملک اعجاز احمد خاں کی ہدایات ْڈپٹی کمشنرقصور اور ڈی پی او کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

بدھ 22 فروری 2017 21:08

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس ‘395ملین کے ڈویلپمنٹ اور نان ڈویلپمنٹ بجٹ کی منظوری ‘اجلاس میں حالیہ دہشتگردی میں شہید ہونیوالے پولیس افسران ‘اہلکاران اور شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی ‘ضلع بھر میں صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی ضرورتوں کو سوفیصد یقینی بنانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائیگا ‘ضلع کونسل کے فنڈز بلا تفریق تمام یونین کونسلز میں تقسیم کئے جائینگے ‘ڈپٹی کمشنرقصور اور ڈی پی او کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی ۔

تفصیل کے مطابق ضلع کونسل قصور کا اجلاس گزشتہ روز وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خاں ‘ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد ‘سرکاری افسران ‘ممبران ضلع کونسل ‘صحافیوں اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐسے ہوا۔

اس موقع پر ممبران ڈسٹرکٹ کونسل طارق محمود ایڈووکیٹ ‘سید غلام مرتضیٰ‘خالد محمود ‘چوہدری نصراللہ ‘سردار اختر یاٰسین ‘ مہر محمد لطیف ‘سرفراز ڈوگر ‘منیر احمد ڈوگر اور ملک مسعود کی جانب سے عوامی مسائل اور یونین کونسلز کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف قرار دادیں پیش کی گئیں ۔ جس پر کنوینئر ملک اعجاز احمد خاں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ان مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی بننے والی یونین کونسلز کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے اور جلد ان یونین کونسلز میں نئی بلڈنگز کی تعمیر شروع کر دی جائیگی ۔چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے یونین کونسلز کیلئے جاری شدہ فنڈز دو یوم کے اندر متعلقہ یونین کونسلز کو فراہم کر دیئے جائینگے ۔

چیئر مین ضلع کونسل کی جانب سے اپوزیشن ارکان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی کہ حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈز بلا تفریق تمام یونین کونسلز میں تقسیم کئے جائینگے اور اپوزیشن ارکان کو بجٹ کی تقسیم کے حوالے سے مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائیگا۔ اسی طرح حکومت کی طرف سے بنائی جانیوالی کمیٹیوں میں اپوزیشن کی نمائندگی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ جلد ضلع بھر میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز کیا جائیگا اور تمام ممبران ضلع کونسل کے تعاون سے قصور کو ایک ماڈل ضلع بنائینگے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو مکمل خود مختاری دینے کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا وعدہ آج پایا تکمیل کو پہنچ چکا ہے حکومت جلد ضلع بھر کی تعمیر و ترقی کیلئے یونین کونسلز کو فنڈز جاری کریگی ۔

انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ مختلف مسائل کے حل کیلئے ضلعی افسران ہمیشہ معززممبران کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل میں نوجوان قیادت کے آنے سے تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے اور وہ امید کرتی ہیں کہ چیئر مین ضلع کونسل کی قیادت میں ضلع کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اس موقع پر ڈی پی او سید علی ناصر رضوی نے ایوان کو یقین دلایا کہ معزز ممبران ضلع کونسل کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائیگا اور انصاف کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس ہمیشہ تعاون کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کا جذبہ انسانیت کی معراج ہے اور یہاں بیٹھے تمام ممبران خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عوامی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے ۔قبل ازیں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونیوالے پولیس افسران ‘اہلکاروں اور عام شہریوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور دہشتگردی کیخلاف قرار داد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں