سپیکر /سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس ‘وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت پر اعتماد کی قرار داد کثرت رائے سے منظور ‘محکمہ ایجو کیشن ‘ہیلتھ ‘لائیو سٹاک اور دیگر محکموں نے عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی ‘اپنی قیادت کے اعتماد پر پورا اترونگا ‘قصور کو ایک مثالی ضلع بنانے اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ‘چیئر مین ضلع کونسل کا عزم

بدھ 3 مئی 2017 19:18

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2017ء) سپیکر و سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس ‘وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت پر اعتماد کی قرار داد کثرت رائے سے منظور ‘محکمہ ایجو کیشن ‘ہیلتھ ‘لائیو سٹاک اور دیگر محکموں نے عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی ‘اپنی قیادت کے اعتماد پر پورا اترونگا ‘قصور کو ایک مثالی ضلع بنانے اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ‘چیئر مین ضلع کونسل کا عزم ۔

تفصیل کے مطابق سپیکر و سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد ‘ضلعی افسران ‘ممبران ضلع کونسل ‘صحافیوں اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس کے آغاز میں مختلف ممبران ضلع کونسل کی جانب سے مختلف سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر ‘سکول کونسلز میں عوامی نمائندوں کی مشاورت ‘سکولوں کی اپ گریڈیشن سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے کئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی نے ایوان کو بتایا کہ ضلع بھر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 2536نئے اساتذہ کی میرٹ پر سلیکشن ہو چکی ہے جو آئندہ دو ہفتوں میں کام شروع کر دینگے اسی طرح مختلف سکولوں میں کمروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے 1700کوئیک (Quick)کلاس رومز کی منظوری ہو چکی ہے اور ایک ہفتے میں ان کلاس رومز پر کام شروع ہو جائیگا۔

اسی طرح ضلع بھر میں 121سکول اپ گریڈ ہو چکے ہیں جہاں سیکڈ شفٹ میں داخلہ جاری ہے ۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے سکول کونسلز کو مزید موثر بنایا جائیگا ۔ مختلف ممبران کی جانب سے بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سینٹر ز میں صحت کی بنیادی سہولیات اور سٹاف کی کمی کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سینٹرز کی اپ گریڈیشن پر کام آغاز ہو چکا ہے ۔

ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں اور دیگر سہولیات کی کمی کو بھی بہت جلد پورا کر دیا جائیگا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیرنے اجلاس کو محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی اور پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں بارے بریفنگ دی ۔ چیئر مین سید غلام مرتضیٰ شاہ کی جانب سے گندے پانی کی نکاسی اور مانوالا تا روہی نالہ سکیم مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے مطالبے پر چیئر مین ضلع کونسل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کی تمام یونین کونسلز میں نکاسی آب اور واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فزیبلٹی رپورٹ ایوان میں منظوری کیلئے پیش کریں تا کہ نکاسی آب کے مسائل اور صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے عام آدمی کے مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جا سکے ۔

ایوان نے خاتون ممبر ضلع کونسل زیب النساء کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد اورقومی معاملات پر جرات مندانہ اقدامات پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرار داد کو کثر ت رائے سے منظور کر لیا ۔ بعدازاں سپیکر ملک اعجاز احمد خاں نے غیر معینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں