نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا، (ن) لیگ 2018کے الیکشن میں تاریخی فتح حاصل کریگی ‘ ملک محمد احمد خاں

وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائینگے‘عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر اعلی شہبازشریف پر اعتماد کا اظہار ہے دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں ‘ترجمان پنجاب حکومت ،رکن اسمبلی ملک رشید احمد اور ملک احمد سعید خاں کا جلسہ سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 14:26

نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا، (ن) لیگ 2018کے الیکشن میں تاریخی فتح حاصل کریگی ‘ ملک محمد احمد خاں
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا ‘مسلم لیگ (ن) 2018کے الیکشن میں تاریخی فتح حاصل کریگی ‘وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائینگے‘عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف پر اعتماد کا اظہار ہے ‘دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں ‘آئندہ الیکشن میں عوام پی پی پی اور دھرنا پارٹی کو نشان عبرت بنادینگے ‘پاکستان کی ترقی کے دشمن منفی پراپیگنڈا کرکے پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘ جلد پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائیگا اور ملک کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں ‘رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں اور رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں نے کھڈیاں خاص میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے گوہڑ تا پاجیاں بائی پاس کا افتتاح کیا ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعمیر و ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے ۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور وزیر اعلی محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور رواں برس کے اختتام تک پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائیگا جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو ‘صنعتوں کا پہیہ دوبارہ سے چل پڑے گا ‘کسانوں کی زندگی میں خوشحالی آئے گی ‘بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافہ ممالک میں ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے جرات مندانہ اقدامات سے دہشتگردی اور فرقہ واریت پر کنٹرول ممکن ہوا ہے اور ملک میں دن بدن امن کی فضا بحال ہو رہی ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے احکامات پر پنجاب بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور یہ سفر تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کھڈیاں کیلئے کروڑوں روپے کی گرانٹ منظور کرنے پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ۔

عوام کا حق ان تک پہنچانے کیلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائیگا ۔انہوں نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعتیں پاکستان میں جاری ترقی کے سفر کو روکنا چاہتیں ہیں آئندہ الیکشن میں عوام کی طاقت سے انکو عبرت ناک شکست دینگے ۔دھرنا سیاست کسی پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کیخلاف ایک عالمی سازش ہے جسے ہر قیمت پر ناکام بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے جاری منصوبوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ۔بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی زندگی ایک کھلی کتاب کی مانند ہے پانامہ کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے الزام تراشی کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور پاکستان کی ترقی کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں