ضلع کونسل اور الف اعلان کے زیر اہتمام شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالنے کیلئے سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 27 مئی 2017 19:28

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) ضلع کونسل اور الف اعلان کے زیر اہتمام شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالنے کیلئے سیمینار کا انعقاد گزشتہ روز ضلع کونسل قصور میں کیا گیا ۔ جس میں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں ‘چیف ایگزیکٹو ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی ‘ الف اعلان کے ریجنل کمپین آرگنائزر شکیل احمد ‘ممبران ضلع کونسل اورصحافیوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ایجو کیشن حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے شعبہ تعلیم میں بہتری کیلئے ماہرین کی ایک ٹیم کی مشاورت سے 15انڈیکیٹرز ترتیب دیئے جسے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے مہیا کئے گئے سوفٹ ویئر کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے اور مجموعی کارکردگی کی بناء پر پنجاب کے تمام اضلاع کی درجہ بندی کی جاتی ہے گزشتہ ماہ کی درجہ بندی کے مطابق ضلع قصور پنجاب بھر میں پانچویں نمبر پر آیا ہے جو یقینا ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجو کیشن اتھارٹی میاں ذوالفقار علی کی انتھک محنت اور کاوشوں سے ممکن ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل ‘ڈپٹی کمشنر قصور اور سی ای او ایجو کیشن نے شعبہ تعلیم میں بہتری کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے ۔ ایک سوال کے جواب میں سی ای او ایجو کیشن نے بتایا کہ رواں سال کے دوران سکولوں میں کمروں کی کمی پوری کرنے کیلئے 1700نئے کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں کوئی طالبعلم کمرہ جماعت سے محروم نہ ہوگااسی طرح کلاس ششم اور اس سے اوپر کی جماعت کی طالبات کو حکومت پنجاب کے زیور تعلیم پروگرام کے تحت 1000روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے ۔

اسی طرح ضلع قصور کے 121سرکاری سکولوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں کے نظام کو مزید بہتر اور فعال بنانے کیلئے نئی سکول مینجمنٹ کونسل ترتیب دیدی گئی ہیں جس سے تعلیمی معیار میں بہتری کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہوئی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے پنجاب بھر میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے پر سی ای او ایجو کیشن اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان سے یہ عہد لیا کہ وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے ۔

انہوں نے ضلع بھر میں شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔اسی طرح انہوں نے الف اعلان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مثبت تنقید ان کیلئے مشعل راہ ہے اس لئے وہ الف اعلان کی جانب سے نشان دہی کی گئی خامیوں کو دور کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی ۔تقریب کے اختتام میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے الف اعلان کی پوری ٹیم اور محکمہ ایجو کیشن کے تمام افسران و اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ممبران ضلع کونسل کی جانب سے ایجو کیشن کی بہتری کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں