ضلع کونسل قصور کا مالی سال کا 993.449ملین روپے کا بجٹ پیش ‘ ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا

متوقع نان ڈویلپمنٹ اخراجات کیلئے 269.743ملین اور ڈویلپمنٹ اخراجات کیلئے 674.033ملین روپے مختص ‘صاف پانی کی فراہمی کیلئے 2کروڑ روپے ‘کھیلوں کے فروغ کیلئے 4کروڑ روپے ‘دیہات میں صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے 4کروڑ روپے ‘ضلع کونسل کی مشینری وغیرہ کی خرید و مرمت کیلئے 3کروڑ روپے مختص ‘قصور کو ترقی کے لحاظ سے ایسا ضلع بنائینگے جو پنجاب بھر میں اپنی مثال آپ ہو گا ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں

منگل 11 جولائی 2017 22:34

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2017ء) ضلع کونسل قصور کا مالی سال برائے 2017-18کا 993.449ملین روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا ‘ جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا ۔ تفصیل کے مطابق کنوینئر و وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا بجٹ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ جس میں ضلع کونسل کے ممبران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے 993.449ملین روپے کا بجٹ پیش کیا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا ۔ضلع کونسل کے بجٹ مالی سال 2017-18ء میں متوقع نان ڈویلپمنٹ اخراجات کیلئے 269.743ملین اور ڈویلپمنٹ اخراجات کیلئے 674.033ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر بجٹ پیش کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ ایک عرصہ کے بعد ہمیں عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام منتخب اراکین ضلع کونسل کی مشاورت سے موجودہ ضلع کونسل کا بجٹ ترتیب دیا ہے جس میں تمام ممبران کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 2کروڑ روپے ‘کھیلوں کے فروغ کیلئے 4کروڑ روپے ‘دیہات میں صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے 4کروڑ روپے ‘ضلع کونسل کی مشینری وغیرہ کی خرید و مرمت کیلئے 3کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قصور کو ترقی کے لحاظ سے ایسا ضلع بنائینگے جو پنجاب بھر میں اپنی مثال آپ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے علاقائی تعمیر و ترقی کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو اپنایا جائیگا اور تمام ممکنہ وسائل عوام کی فلا ح و بہبود کیلئے خرچ کئے جائینگے ۔

وائس چیئر مین ملک اعجاز احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخراجات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔ ایوان کے تقدس کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائیگا اور اپوزیشن اور ایوان اقتدار باہمی تعاون سے صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں پر اپنی تمام توانائیاں صرف کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائینگے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں