ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام محکموں کو محنت اور جذبے سے کام کرنا ہوگا‘ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر

انسداد ڈینگی کے حوالے سے مانیٹرنگ ‘ رپورٹنگ اور سرویلنس کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے‘ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے ‘اسسٹنٹ کمشنرز سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کو خود مانیٹرکریں ‘ڈینگی اجلاس میں ہدایات

بدھ 6 ستمبر 2017 18:25

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام محکموں کو محنت اور جذبے سے کام کرنا ہوگا‘انسداد ڈینگی کے حوالے سے مانیٹرنگ ‘ رپورٹنگ اور سرویلنس کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے‘ڈینگی پر قابون پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے ‘اسسٹنٹ کمشنرز سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کو خود مانیٹرکریں ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ڈینگی تدارک اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ سالوں کے تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے بہتر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی اور اس سلسلے میں تمام محکموں کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

مون سون ڈینگی لاروا کی پرورش کیلئے انتہائی اہم ہے اور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے یہی وقت کام کرنے کا ہے ۔ ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالکان کو پابند بنائیں کہ وہ مشتبہ ڈینگی کیسز کی نشاندہی کریں ۔انہوں نے سی ای او ایجو کیشن کو ہدایت کی کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ کو ڈینگی تداک کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا پابند کریں اور ریگولر میٹنگز میں اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ایمرجنسی ریسپونس کمیٹی کے اجلاسوں میں عوامی نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ ہیلتھ اور اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سرویلنس ٹیموں کے کام کی خود نگرانی کریںاور میونسپل کمیٹیز ‘ماحولیات ‘ہیلتھ ‘یونین کونسل کے نمائندوں کو آئوٹ ڈور سرویلنس ٹیموں کا حصہ بنائیں تا کہ انکی کارکردگی میں بہتری آئے ۔

سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ انڈرائیڈ فونز کے استعمال کیلئے انٹر نیٹ کی سہولت تمام ٹیموں کو فراہم کی جائے ۔انہوں نے منیجر اوقاف کو حکم دیا کہ وہ ضلع کی حدود میں واقع تمام درباروں اور ان سے ملحقہ قبرستانوں میں ڈینگی تدارک کے حوالے سے اقدامات کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوام میں آگاہی کو بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں تمام محکمے فعال کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں