قصور ،ڈکیتی،رہزنی،چوری سمیت 45سے زائدسنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ ڈاکوظفر عرف ظفری پولیس مقابلہ میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا

منگل 19 ستمبر 2017 19:51

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) ڈی پی اوقصوراسماعیل کھاڑک نے بتایاکہ ضلع قصور اور لاہور میں ڈکیتی،رابری،چوری اور اسلحہ ناجائز کی45سے زائدسنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ خطرناک ڈاکوظفر عرف ظفری جٹ تھانہ الہٰ آباد کے علاقہ تلونڈی بائی پاس کے قریب دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ،ہلاک ہونے والا ڈاکو اپنے علا قہ میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا ،تھانہ الہٰ آباد پولیس نے فرار ہونے والے 3ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار ی کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جن کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او الہٰ آباد ملک کفایت حسین نے گزشتہ رات پکھوکی روڈ پر دوران سنیپ چیکنگ 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 کس کو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کااشارہ کیا جنہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر اندھادھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے پولیس پارٹی نے بمشکل اپنی جانیں بچاتے ہوئے ملزمان کا تعاقب جاری رکھااور ساتھ ہی ساتھ ملزمان کی گرفتار ی کے سلسلہ میں ناکہ بندی کی کال کی، اس دوران ملزمان مسلسل پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے رہے کہ تلونڈی بائی پاس کے قریب ملزمان نے پولیس پارٹی کو قریب آتا دیکھ کر مورچہ زن ہوکر مختلف اطراف سے دوبارہ فائر نگ شروع کردی پولیس پارٹی نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت اکا دکا ہوائی فائر کیے تھوڑی دیر بعد فائرنگ کا سلسلہ رکا تو پولیس پارٹی نے قریب جا کر دیکھا تو ایک کس ڈاکو شدید زخمی حالت میں پڑا تھا جو اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہواجس نے اپنا نام ظفر عرف ظفری بتایا جبکہ بقایا تین کس ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمی ڈاکو ضلع قصور اور لاہورمیںڈکیتی ،رابری ، چوری اور اسلحہ ناجائز کی45سے زائد سنگین وارداتوںمیں ملوث تھا،زخمی ڈاکو کو ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی ہلاک ہوگیا۔خطرناک اور بدنام زمانہ ڈاکو کی ہلاکت پر شہریوں نے بھرپور طریقے سے پولیس کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔جبکہ ڈی پی اوقصور نے پولیس مقابلہ کے دوران بہادری کا مظاہر ہ کرنے پر ایس ایچ او الہٰ آباد اور انکی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں