وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم

ضلع میں بذریعہ قراندازی 98کاشتکاروں کو لیزر یونٹ دیئے گئے ‘پنجاب حکومت رعایتی نرخوں پر سپیشل سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات اور دیگر کا تقریب سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2017 21:32

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ کیلئے زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت واٹر مینجمنٹ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کاشتکار وں میں لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے ۔ تقریب میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں اور وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ لاہور راشد حمید ظفر ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ قصور تجمل حسین اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ضلع بھر میں کاشتکاروں کی طرف سے دی گئیں 148درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی اور پنجاب حکومت کے تحصیل وائز رقبہ کے حساب سے مقرر کردہ کوٹہ کے تحت تحصیل قصور میں33‘تحصیل کوٹ رادھا کشن میں 10‘تحصیل چونیاں میں 32اور تحصیل پتوکی میں 23جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 98کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزر یونٹس دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پانی کو بہت اہمیت حاصل ہے ۔

پانی کی بڑھتی ہوئی کمی اور اسکے بے دریغ استعمال اور فی ایکٹر پیدوار بڑھانے کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے بہتر نظام آبپاشی کی کاشتکاروں میں ترویج و ترقی کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کر رکھا ہے ۔اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت کاشتکاروں کو کھالہ جات کی اصلاح ، لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی فراہمی اور ڈرپ اورسپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب کیلئے مالی مدد فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان بھائیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں زمین سے زیادہ پیدوار حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت 2لاکھ 25ہزار روپے سے فی یونٹ سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ۔ان آلات کے استعمال سے کاشتکار کم محنت سے زیادہ پیدوار حاصل کر سکتے ہیں ۔ حکومت کی اس کاوش سے پنجاب بھر میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے جس میں ہر کاشتکارکو اس کا حق بآسانی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ناہموار زمین کو عام سکریپر کے ذریعے ہموار کرنا نہایت محنت طلب ، دشوار اور بہت مہنگا عمل ہے خصوصا اگر زمین ڈھلوان یا گڑھے کی شکل کی ہو تو پھر محنت ، پیسہ اور وقت کے ضیاع کے باوجود بھی مطلوبہ معیار کے مطابق ہمواری ممکن نہیں ہوتی ۔ لیزر لیولنگ ایسی ٹیکنالوجی ہے جس کے ذریعے نہ صرف یہ سب کچھ ممکن ہے بلکہ انتہائی آسان اور کم خرچ بھی ہے ۔اس موقع پر کاشتکاروں نے پنجاب حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کو سراہا اور شفاف قرعہ اندازی کے انعقاد پر محکمہ واٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں