محرم الحرام کے دوران امن وامان کا قیام ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،سائرہ عمر

جمعہ 22 ستمبر 2017 16:59

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کا قیام ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے تعاون سے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی قصور کے ہال میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ایس پی انویسٹی گیشن امجد محمود قریشی‘چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی ناصر محمود خاں ‘وائس چیئر مین میونسپل کمیٹی چوہدری محمد احمد لطیف‘وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ‘انجمن تاجران کے عہدیداران ‘مرکزی انجمن شہریان ‘تمام مکاتب فکر کے علمائے اکرام ‘ممبران ڈسٹرکٹ امن کمیٹی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے کہا کہ نواسہ ء رسول حضرت امام حسینؓ کا پیغام انسانیت کا درس دیتا ہے ۔انہوں نے ہمیشہ امن ‘سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے ۔اس لئے ہم سب کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کے اس پیغام پر عمل کریں تاکہ باہمی نفرتوں اور قدورتوں کا خاتمہ ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام ‘ضلعی امن کمیٹی کے ممبران ‘تاجروں‘صحافی حضرات اور دیگر شہریوں کی مشاورت سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں نے کہا کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عشرہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ۔ بلا شبہ شہر کو امن و امان کا گہوارہ بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام کا کرار قابل ستائش اور مثالی ہے اور گزشتہ روایات کی طرح اس سال بھی انشاء اللہ محرم الحرام کے دوران اسی مثالی مذہبی رواداری ‘ یگانگہت اور برد باری کی فضا برقرار رہے گی ۔ اجلاس سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے خطاب کیا اور اپنی اپنی تجاویز پیش کیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں