ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کاتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی اور مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ

ہسپتال میں طبی اور سکولوں میں بچوں کو دی جانیوالی بنیادی سہولیات اور تعلیمی معیار کا تفصیلاً جائزہ لیا ‘متعد د سکولوں میں ناقص صفائی ستھرائی اور دیگر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار

منگل 10 اکتوبر 2017 18:22

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی اور مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ ‘ہسپتال میں طبی اور سکولوں میں بچوں کو دی جانیوالی بنیادی سہولیات اور تعلیمی معیار کا تفصیلاً جائزہ لیا ‘متعد د سکولوں میں ناقص صفائی ستھرائی اور دیگر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی کا اچانک دورہ کیا ۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور دیگرمعاملات کا تفصیلا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ہسپتال دورہ کے دوران ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز اور میڈیسن سٹور کا معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے بعض حصوں میں ناقص صفائی ستھرائی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے واش رومز میں لیکوڈسوپ کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تمام واش رومز میں لیکوڈ سوپ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیں اورصفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران مخیر حضرات کی جانب سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کئے جانیوالے تعمیراتی و ہارٹیکلچر کے کام کی تعریف کی ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی غیر حاضری اورفرائض میں غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا نیز عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پتوکی ‘گورنمنٹ بوائز ہائی سکول پتوکی ‘گورنمنٹ گرلز ہائی سکول روسہ ٹبہ اورگورنمنٹ ایلمنٹری سکول بھیڈیاں چک 55کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں کو دی جانیوالی بنیادی سہولیات سمیت تعلیمی معیار کا جائزہ لیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کو حکم دیا کہ وہ معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تا کہ ہم اپنی نئی نسل کو آنیوالے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کر سکیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں