ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کا دربار حضرت بابابلھے شاہ ؒ کا دورہ ‘پودا لگا کر ہارٹیکلچر کے کام کا آغاز کیا

مخیر حضرات اور ممبران مذہبی امور کمیٹی کے تعاون سے دربار کے احاطے اور لانز کی تزئین و آرائش کی جائیگی ‘سائرہ عمر

بدھ 25 اکتوبر 2017 17:40

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا دربار حضرت بابابلھے شاہ ؒ کا دورہ ‘پودا لگا کر ہارٹیکلچر کے کام کا آغاز کیا ۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒکی تزئین و آرائش اور ہارٹیکلچر کے کام کاجائزہ لینے کیلئے دورہ کیا اور لانز میں پودا لگا کر ہارٹیکلچر کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ صدر مرکزی انجمن تاجران پتوکی رانا ممتاز علی خاں ‘انجمن تاجران قصور کے عہدیداران اور ممبران مذہبی امور کمیٹی دربار بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے کہا کہ حضرت بابابلھے شاہؒ ؒایک عالم گیر شخصیت ہیں اور انکا پیغام پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے یہی وجہ ہے کہ ہر سال لاکھوں زائرین دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر حاضری دینے کیلئے آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس لئے مخیر حضرات اور ممبران مذہبی امور کمیٹی کے تعاون سے دربار کے احاطے اور لانز کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے نیز یہاں آنیوالے زائرین کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں اور خوبصورت بینچ رکھے جائینگے۔اسی طرح دربار کے احاطے میں زائرین کے وضو کرنے کی جگہ پر شیڈ اور دربار کے گردونواح کو خوبصورت بنانے کیلئے ہارٹیکلچر کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ان تمام کاموں کو مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل کیا جائیگا تا کہ دربار پر آنیوالے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات باہم پہنچائی جا سکیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں