ڈسی قصور کا شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

جمعہ 27 اکتوبر 2017 14:17

قصور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2017ء)ڈسی قصور سائرہ عمر کا شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اورکھیلوں کے تمام گرائونڈ ز اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سائرہ عمر نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ کھیم کرن روڈ پر نوتعمیر شدہ شہبازشریف سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور کرکٹ گرائونڈ ، فٹبال ،ہاکی گرائونڈ ز میں تمام سہولیات کا تفصیلاً جائزہ لیا ۔

اس موقع پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نوتعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس قصور کے عوام کیلئے موجودہ حکومت کا بہترین تحفہ ہے جس سے نہ صرف قصور بلکہ گردونواح کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔ اس جدید ترین سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ‘فٹبال ‘کرکٹ اور کبڈی کے اسٹیڈیم تعمیر کئے گئے ہیں جہاں مختلف کھیلوں کی جدید ترین سہولیات میسر آئیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد اس اسٹیڈیم کو ملک اور غیر ملکی ٹیموں کیلئے کھول دیا جائیگا اور یہاں انٹر نیشنل لیول کے مقابلہ جات منعقد کروائے جائینگے ۔ انہوں نے اس موقع پر اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاری کام کو جلد از جلد مکمل کرنے اور فلڈ لائٹس لگانے کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پر عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے سینٹر کی کارکردگی بارے دریافت کیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ یہاں آنے والے تمام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں