نوجوان کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ‘امن کے قیام اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں نوجوانوں کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے ‘معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرنا ہوگا

‘پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو اپنی مہمان نوازی اور اعلیٰ معاشرتی روایات کی بنیاد پر عالمی سطح پر شہرت رکھتا ہے ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمراورچیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں کا انٹر نیشنل یوتھ سمٹ کے 50رکنی وفد کے دورہ قصور کے موقع پر استقبالیہ سے خطاب

ہفتہ 11 نومبر 2017 17:55

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) نوجوان کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ‘امن کے قیام اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں نوجوانوں کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے ‘معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرنا ہوگا ‘پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو اپنی مہمان نوازی اور اعلیٰ معاشرتی روایات کی بنیاد پر عالمی سطح پر شہرت رکھتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘ڈائریکٹر سمٹ نسیم خاں اچکزائی دیگر نے انٹر نیشنل یوتھ سمٹ کے 50رکنی وفد کے دورہ قصور کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں ‘مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر صفیہ سعید ‘ممبران ضلع کونسل اور دیگر بھی موجود تھے ۔

انٹر نیشنل وفد میں امریکہ ‘برطانیہ ، فرانس ، اٹلی، سائوتھ افریقہ ، نیپال ، چائنہ ، سری لنکا اور دیگر ممالک کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے نوجوانوں کیلئے کئے گئے اقدامات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے جن میں میرٹ کی بنیاد پر وظائف کی تقسیم ‘پوزیشن ہولڈر طلباء کے عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کے دورے ‘لیب ٹاپ سکیم ‘میرٹ کی بنیاد پر ہزاروں اساتذہ کی تقرری ‘نوجوان زمینداروں میں لاکھوں ایکڑ زمین کی مفت تقسیم وغیرہ شامل ہیں ۔

اسی طرح یونین کونسل ، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل میں نوجوانوں کی سیٹیں مختص کر کے انہیں سیاسی میدان میں آگے آنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان میں نوجوان سیاسی قیادت موجود ہے جو نہ صرف نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے بلکہ ملکی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈال رہی ہے ۔ چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں کو قصور آمد پر خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس قسم کے یوتھ ایکسچینج پروگرام جاری رہیں گے اور ضلعی حکومت اس خوش آئندہ اقدام کی ہر لحاظ سے سرپرستی کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ مختصر عرصہ میں ضلعی حکومت نے نوجوانوں کی اہمیت کے پیش نظر انہیں ضلعی سطح پر بننے والی مختلف کمیٹیوں میں بھرپور نمائندگی دی ہے تا کہ نوجوانوں کے مسائل کو مثبت انداز میں حل کیا جا سکے ۔اس موقع پر ضلعی حکومت کی جانب سے انٹر نیشنل یوتھ سمٹ میں شمولیت کیلئے آنے والے تمام نوجوانوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔

قبل ازیں انٹر نیشنل وفد جب قصور پہنچا تو ڈپٹی کمشنر قصور اور چیئر مین ضلع کونسل نے انکا بھرپور استقبال کیا اوراس موقع پر ڈھول ‘بینڈ اور گھوڑوں کے ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ بعدازاں انٹر نیشنل وفد نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر حاضری دی ۔ اس موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں نے عارفانہ کلام میں گہری دلچسپی لی اور عظیم صوفی شاعر کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ وفد نے چھانگا مانگا کا بھی دور ہ کیا جہاں انکے اعزاز میں ایک عظیم الشان ضیافت اور کلچرل شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں