کمادکی فصل مکمل پکنے پر اسکی کٹائی شروع کریں،چوہدری اعجاز

منگل 28 نومبر 2017 11:20

قصور۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2017ء)ڈپٹی ڈی او زراعت (توسیع)قصورچوہدری اعجازنے کمادکی فصل مکمل پکنے پر اسکی کٹائی شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کمادکی فصل کاشتکار کی معاشی ترقی میں بہت اہمیت کی حامل ہے جبکہ اس کی کاشت کابنیادی مقصد چینی اور گڑکا حصول ہے نیز کماد کی فصل سے فی ایکڑ زیادہ گنے اور چینی کا حصول اس کی بروقت کٹائی و پیلائی کے مختلف عوامل پر ہے۔

انہوںنے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ کمادکی کٹائی کا وقت اہمیت کا حامل ہے لہذافصل مکمل پکنے پر اس کی کٹائی شروع کریں تاکہ چینی کی یافت زیادہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ فصل کی کٹائی وقت سے پہلے شروع کرنے سے نہ صرف گنے کا وزن کم رہتاہے بلکہ چینی و شکرکی مقداربھی پوری نہیں ملتی اسی طرح فصل پکنے کے بعد کٹائی میں تاخیر بھی پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدبتایا کہ کمادکے کاشتکار سب سے پہلے مونڈھی فصل کوکاٹیں کیونکہ یہ سب سے پہلے تیار ہوتی ہے اور اسکی پیداوار بھی زیادہ ہوتی ہے، اسی طرح ستمبرکا شتہ فصل کو بہاریہ فصل سے پہلے کاٹیں کیونکہ یہ بہاریہ فصل سے پہلے پک کر تیارہوتی ہے اور اس سے چینی بھی زیادہ حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کماد کے کاشتکار لیراکاشتہ فصل کو سب سے آخر میں کاٹیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ پہلے اگیتی ‘اسکے بعد درمیانی اور آخرمیں پچھیتی پکنے والی اقسام کی کٹائی کریں‘اگیتی پکنے والی اقسام پیلائی میں زیادہ یافت دیتی ہیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں