پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بھاری وسائل فراہم کئے ہیں، ملک رشید احمد خاں

بدھ 6 دسمبر 2017 17:35

قصور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بھاری وسائل فراہم کئے ہیں ‘ہسپتالوں میں جدید سہولیات کے اضافے سے مریضوں کا رش بھی روز بروز بڑھ رہا ہے ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز عوام کا دکھ بانٹنے اور انکی تکالیف کو کم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ‘ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سٹی سکین سمیت دیگر جدید سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی عوام دوست پالیسیوں کی ترجمانی کرتی ہیں ‘صحت مند بچوں کی افزائش نسل مستقبل میں صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صحت مند بچوں کے مقابلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نذیر احمد ‘ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ‘ڈی ایم ایس ڈاکٹر فیاض احمد ‘والدین اور صحت مند بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانیوالی مفت سہولیات جن میں ہیپا ٹائٹس کلینک کے قیام ، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں کو گھر کی دہلیز پر مفت ادویات کی فراہمی ، ڈینگی ، ملیریا ، پولیو سے بچائو کیلئے حکومتی اقدامات ، خواتین اور بچوں کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام ، محفوظ ماں ایمبولینس سروس سمیت دیگر عوامی خدمت کے پراجیکٹس قابل تعریف ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خلق خدا کی خدمت انسانیت کی معراج اور اصل عبادت ہیں اور جو لوگ خلوص نیت سے انسانی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اللہ تعالی کی رحمتوں اور برکتوں سے کامیابی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔ بعدازاں صحت مند بچوں کا مقابلہ ہوا۔ ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ نے حصہ لینے والے بچوں کا وزن کیا اور مقابلہ میں اول ، دوئم اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں