ملک کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق عظیم تر بنانے کی جدوجہد جاری ہے ،وسیم اختر شیخ

بدھ 3 جنوری 2018 12:14

قصور۔3 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک کو آسمان کی بلندیوں پر لے جانے کیلئے نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ نے ڈی پی ایس سکول قصورکے آڈیٹوریم میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کے آغاز میں لیب ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آئونر پیش کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز لاہور ظفر عنایت انجم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت چوتھے مرحلے میں7ارب روپے کی خطیر رقم سے 1لاکھ 16ہزار بچوں میں میرٹ کی بنیاد پر جدید ترین لیب ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اور آج کی اس تقریب میں ضلع قصور سے تعلق رکھنے والے 830طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ نے کہا کہ محنت اور میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیکر ملک کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق عظیم تر بنانے کی جدوجہد جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئی نسل پر وسائل کے استعمال کو قوم کے وسائل کا بہترین استعمال سمجھتی ہے اور لیپ ٹاپ جیسی سکیمیں آئندہ بھی جاری رہیں گی ۔

آج کی تقریب صرف اور صرف میرٹ کو اجاگر کرنے ‘ محنت کی عظمت کو سلام پیش کرنے اور قوم کے ان عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی شاندار کاوش کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے ۔انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنیوالے بچوں انکے والدین اور باالخصوص اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور چھولو آسمان ایک ہی گاڑی کے 2پہیے ہیں اور آپ آسمانوں کو چھو کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے آپ پاکستان کا مستقبل ہے اور موجودہ حکومت پاکستان کے مستقبل کو روشن اور کامیاب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ محنت کریں اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں