خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کے تحت عوام الناس میں آگاہی کے حوالے سے ضلع کونسل ہال میں تقریب کا انعقاد

بدھ 3 جنوری 2018 19:16

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2018ء) خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کے تحت عوام الناس میں آگاہی کے حوالے سے ضلع کونسل ہال قصور میں گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں جنرل منیجر پراجیکٹ اینڈ سروسز پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ اسد صابر نقوی ‘منیجر کمیونٹی موبلائز یشن پنجاب صاف پانی کمپنی محمد شاہ رخ نیازی ‘منیجر پراجیکٹ کیپٹل ورکس صاف پانی کمپنی یاسر بشیر‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور فہیم نسیم ‘چیئر مین بیت المال ناصر محمود خاں ‘وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ‘اسسٹنٹ کمشنر چونیاں احمد رضابٹ‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی‘ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ‘چیئر مین یونین کونسل حبیب آباد سیٹھ عابد ‘صدر مرکزی انجمن تاجران پتوکی رانا ممتاز علی خاں ‘ممبران ضلع کونسل ‘شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جنرل منیجر پراجیکٹ اینڈ سروسز پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ اسد صابر نقوی نے بتایا کہ صاف پانی پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن (ر) عثمان یونس کی زیر نگرانی عوام الناس کو صاف پانی کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تا کہ لوگوں کو انکی دہلیز پر صاف پانی مہیا کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر تحصیل چونیاں میں 163اور تحصیل پتوکی میں 149اور کل 312فلٹر یشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں اور بہت جلد انہیں باقاعدہ طو ر پر چالو کر دیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ نے اس سلسلے میں تمام مقامات پر پانچ مرلہ اراضی متعلقہ فلٹر یشن پلانٹ کیلئے مختص کر دی ہے جبکہ بہت جلد واپڈا کی طرف سے ٹرانسفارمر زبھی لگا دیئے جائینگے ۔منیجر کمیونٹی موبلائز یشن محمد شاہ رخ نیازی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ضلع میں تمام مقامات پر سہولت سنٹر ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

ضلع میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے سے بیماریوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر ہوگا۔منیجر پراجیکٹ کیپٹل ورکس یاسر بشیرنے بتایا کہ پتوکی اور چونیاں کے علاوہ تحصیل قصور اور تحصیل کوٹ رادھاکشن میں بھی سروے مکمل ہو چکا ہے اور ماہ مارچ کے دوران یہاں پر بھی کام شروع کر دیا جائیگا۔ تقریب کے آخر پر دیگر حاضرین نے خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کی تائید کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں