بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات حاصل ہیں نہ ہی استحقاق کو قبول کیا جارہاہے ،بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)

اتوار 20 نومبر 2016 17:30

؂؂خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2016ء) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے رہنماء و میونسپل کارپوریشن خضدار کے ممبر عبدالصمد کرد نے کہاہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو نہ اختیارات ہیں اور نہ ہی ان کے استحقاق کو قبول کیا جارہاہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے ممبران کے لئے پندرہ پندرہ لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا تھا اس رقم کے ذریعے ممبران کو اپنے حلقوںمیں کام کرنا تھا لیکن ان میں سے صرف چھ لاکھ روپے کا کام دیا گیا اور رقم میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران نے ہڑپ کرلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب چھ لاکھ روپے کا ایک حلقے میں کیا کام ہوسکتا ہے ۔ کرپشن کی انتہاء کردی گئی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن میں چند لو گ مزے لے رہے ہیں ۔ باقی ممبران کو یکسر نظرانداز کردیا گیا ہے ۔ جو کہ ناانصافی پر مبنی عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس نا انصافی کے خلاف سب کو آواز بلند کرنی چاہئے ۔ اب ہم اپنے حلقوں میں جاتے ہیں تو عوام ہم سے اپنے مسائل بیان کرتے ہیں جب کہ ہمارے پاس کوئی فنڈ نہیں کہ انہیں دیں ۔ انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن کے تین چار اختیار دار کافی مالدار بن گئے ہیں تاہم میونسپل کارپوریشن کے ممبران کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں