خدمت خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ، عوامی فلا ح و بہبود وخوشحالی کو ترجیحات میں رکھنا نیشنل پارٹی کا طرہ امتیاز بن چکاہے ، میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد

منگل 28 مارچ 2017 17:02

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء)نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی کے قائدین و کارکنان کا خدمت خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اور عوام کی فلا ح و بہبود وخوشحالی کو ترجیحات میں رکھنا نیشنل پارٹی کا طرہ امتیاز بن چکاہے ہماری جماعت کی یہی وہ مقبولیت اور عوام دوستی کا نتیجہ ہے کہ جس کی وجہ سے مخالف روایتی اور موسمی پارٹیوں کا چین و سکون غارت ہو کر رہ گیا ہے ۔

اب وہ در در کی چکرکاٹ رہی ہیں اور ان کے رہنماء فرضی ناموں کی بار بار تشہیرکرکے اور انہیں اپنی جماعتوں میں شامل کرنے کی روایتی طریقہ کار اختیار کرکے چند لمحوں کے لئے اپنے دل کو تسلی دے رہے ہیں یہ نہ صرف اپنے دل کو تسلّی دے رہے ہیںبلکہ وہ اپنے کارکنوں کو بھی دھوکے میں رکھ کر فرسودہ سیاست کی پیروی کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گزشتہ روزایک قوم پرست پارٹی کی جانب سے ہماری پارٹی کا نام لیکر چندافراد کی شمولیت کو اپنی جماعت میں ظاہرکی گئی ہم یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ لوگ نہ نیشنل پارٹی کے رکن رہے ہیں اور نہ ہی نیشنل پارٹی سے ان کا تعلق تھا۔

فرضی ناموں کو نیشنل پارٹی کاکارکن ظاہرکر کر سستی شہرت حاصل اس جماعت کا پرانا وطیرہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے گزشتہ روز خضدارنال و فیروز آباد کا طوفانی دورہ کرکے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ نیشنل پارٹی کی مقبولیت اور عوام دوستی مخالفین پر برق بن کر گری ہے۔اور اب وہ اپنے نام کو زندہ رکھنے کے لئے فرضی ناموں کا سہارا لیکر شمولیت کا پرچار کررہی ہیں۔

اس طرح کے ڈھکوسلے سے عوام کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ عوام اب باشعور بن چکی ہے اور وہ صرف اور صرف ترقیاتی کام ، تعلیم صحت اور خوشحالی چاہتے ہیں ۔یقیناخوشحالی انہیں صرف اور صرف نیشنل پارٹی ہی دے سکتی ہے ۔ اسمبلیوں سے استعفیٰ ، عوامی رائے کوپائوں تلے روندنے والے نہ عوام کے خیرخواہ ہوسکتے ہیں اور نہ ہی عوام دوبارہ انہیں ووٹ دینے کی رسک لے سکتا ہے ۔

اگر کسی کو سیاست سیکھنی ہے تو وہ نیشنل پارٹی کی خدمت خلق کو اپنا کر ہی سیاست سیکھے ۔ گزشتہ چالیس سالوں سے عوام کو دھوکے میں رکھ کر پسماندگی اور غربت سے ہمکنار کرکے ایک ہی قبیلے کے گرد مقید کرنا کوئی سیاست نہیں بلکہ عوام کے رائے سے ناانصافی ہے ۔سیاست یہ ہے کہ پارلیمنٹ کے فورم پر آکر عوام کے مسائل کو اجا گر کیاجائے۔خدمت خلق میں حصہ لیکر عوام کی نیک دعائیں حاصل کئے جائیں۔

اس عوامی ترجمانی کونیشنل پارٹی روزِ اوّل سے سرانجام دے رہی ہے ، صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو کی جانب سے عوام کے لئے تعلیم صحت ، مواصلات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،روزگار کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی اسکیمات ہی اس خدمت کی گواہی دے رہی ہے ۔اور اسی خدمات اور فلاحی کاموں کی بدولت نیشنل پارٹی ہمیشہ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی حکمرانی کرتی رہیگی۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں