کاروبار میں روکاوٹ پیدا کرکے بے روزگار کیا جارہاہے ،ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن خضدار

انتظامیہ نے بلاوجہ ڈیری فارمز کو سیل کرکے ذبح کیلئے لائے گئے جانوروں کو کئی دنوں سے بھوکا پیاسا رکھا ہواہے، ڈاکٹر محمد علی، عبدالنبی غلامانی ودیگر کی پریس کانفرنس

جمعہ 14 اپریل 2017 18:37

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2017ء) ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن خضدار کے صدر ڈاکٹر محمد علی نائب صدرعبدالنبی غلامانی ،احمدخان ، عبدالقیوم شاہوانی ، حاجی علی گوہر و دیگر نے خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاروبار میں روکاوٹ پیدا کرکے ہمیں بے روزگار کیا جارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ نے بلاوجہ ڈیری فارمز کو سیل کرکے ذبح کے لئے لائے گئے جانوروں کو کئی دنوں سے بھوکا پیاسا رکھا ہوا ہے حالانکہ اس سے قبل ہماری انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے مذاکرات ہوئے تھے اور انہوںنے تحریری معاہدہ کیا تھا کہ ان کے جانوروں کے لئے الگ زمین اور چار دیواری فراہم کی جائیگی اس تحریری معاہدہ پر عملدرآمد درکنار اب ہمارے اپنے ہی ڈیری فارمز ہیں انہیں ہی سیل کیا جارہاہے اور ہمارے کاروبار کو ختم کیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج ہم مجبور ہو کر میڈیا کے سامنے آئے ہیں کہ ہماری فریاد سنی جائے اور ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرلئے جائیں ۔یہ دوسری بار ہے کہ ہمارے ڈیری فارمزکو سیل کیا جارہاہے اب ہمیں سمجھ نہیں آرہاہے کہ ہم کہاں جائیں اور کیا کریں ۔ یہاں ہلال روزی کمانے کی بھی اجازت نہیں ہے ایک شخص بلاوجہ بار بار انتظامیہ اور بالائی حکام کوشکایت دیکر سب کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہاہے ۔

اگر باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تواس شخص کی شکایت میں کوئی بھی حقیقت نہیں ہے ۔ پہلے ہمیں کھا گیا کہ یہاں اونٹ نہ رکھا جائے ہم نے وہ مطالبہ بھی تسلیم کرلیا ۔ اور اب مکمل طور پر ہمارے ڈیری فارمز بند کرنے کے لئے ہمارے او پر دبائو ڈالا جارہاہے جو کہ ناانصافی پر مبنی عمل ہے ۔ ہم اب مجبور ہو کر لگائے گئے سیل خود توڑنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ اس سلسلے میں انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیںکہ ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرلئے جائیں اور جو سیل لگایا گیا ہے اسے ہٹا دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں