جب نیت صاف ہوں تو اللہ تعالیٰ کامیابی عطا فرماتاہے ،سردار محمد اسلم بزنجو

نیشنل پارٹی نے ہمیشہ مزدور کو اپنی سیاست کا محور و مرکز بناکرحقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہے،صوبائی وزیر زراعت

ہفتہ 15 اپریل 2017 23:22

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء)صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو ، میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ،میر سلمان زہری نے کہاہے کہ جب نیت صاف ہوں تو اللہ تعالیٰ کامیابی عطاء فرماتاہی ہے ۔ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام ، کسان، اور مزدور ہی کو اپنی سیاست کا محور و مرکز بناکران کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج عوام کی ایک جم غفیر نیشنل پارٹی کی پلیٹ فارم پر گوشہ عافیت محسوس کررہی ہے ۔ ہمیں عوام کی طاقت کا بخوبی انداز ہ ہے۔ ہمیںدوسروں کی طرح ہوا میں تیر پھینکنے کی عادت نہیں ہم صرف اور صرف حقائق پر ہی بات کرتے ہیں اور اس پر کاربند رہتے ہیں۔ہم جمہوری سیاست کے پیرو کار ہیں اورالیکشن و جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے مخالفین کو بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ کرکے دکھائیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن میں چار جماعتی اتحادکے باوجود ہماری جماعت نے تن تنہا جو کامیابی حاصل کی تھی اگلے قومی الیکشن میں اسی تاریخ کو ایک بار پھر دھر ا کرالیکشن مقابلے کو اپنے نام کرلیں گے۔ سیاست میں جھوٹ اور فریب کا دور ختم ہوچکا ہے ۔ موجودہ دور کردار اور عملی اقدامات کا ہے ۔جب تک عوام کے ساتھ سچائی بیا ن نہیں کی جائیگی اس وقت تک عوام کا اعتمادآپ پر قائم نہیں ہوسکتاہے۔

نیشنل پارٹی کے پاس سچائی بیان کرنے کا نسخہ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ ہر بار عوام کا اعتماد اور پذیرائی ہماری ہی جھولی میں آتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے اللہ ڈنا کرد رئیس محمد ابراہیم کرد و ان کے ساتھیوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر بالینہ کھٹان میں قوم پرست جماعت سے مستعفی ہو کر متعدد سیاسی رہنماء و قبائلی عمائدین نے نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین عبدالحمید بلوچ میر اشرف علی مینگل عبیداللہ گنگو اکرم بلوچ ناصر کمال میر عبدالوہاب غلامانی بی ایس او کے مرکزی رہنماء نادر بلوچ منیراحمد بلوچ ماسٹر الٰہی بخش چنالحافظ نذیراحمد گزگی و دیگر نے خطاب کیا۔جب کہ سردار محمد حیات ساجدی ،میر عتیق الرحمن ساجدی و دیگر بھی موجو دتھے۔صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاکہ ہمیں عوام کی فکر یہاں کھینچ کر لاتی ہے اور جب بھی میں عوام کے درمیان آتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ کچھ ان کے لئے کروں الحمداللہ ہم نے عوام کے لئے دستیاب وسائل کے اند ررہتے ہوئے بہت کام کیا ہے خضدار میں یونیورسٹیز بن رہی ہیں میڈیکل کالج بن رہاہے یہاں کی سڑکیں پختہ ہوگئیں ہیں اور اب بھی میں نے میئر کو کہتا ہوں کہ جو سڑکیں پختہ نہیں ہیں ان کا پی سی ون بنا کرد ے دیں میں ان کو بنوانے کے لئے پیسے ریلیزکروائونگا۔

ایک قوم پرست جماعت قدرتی گیس کی فراہمی پر عوام کو گزشتہ کئی سالوں سے دھوکہ دے رہی ہے جب کہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے ۔ اب میں چند روز قبل بنفس نفیس قدرتی گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس میں شریک رہاہوں جس میں فیصلہ ہوچکا ہے کہ خضدار کو قدرتی گیس کی سہولت دی جائیگی۔ انشاء اللہ رواں سال دسمبر تک خضدار کو قدرتی گیس کی سہولت فراہم کردی جائیگی ۔

پہلے ایسا کوئی پروگرام نہیں تھا تو ہم بھی اس حوالے سے خاموش تھے تاہم اب جب ہمیں کچھ نظر آرہاہے کہ کچھ ہونے والا ہے تو وہ حقیقت عوام کے سامنے ہم رکھتے ہیں اور یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ امسال دسمبر تک خضدار ژوب اور تربت کو گیس کی سہولت فراہم کردی جائیگی ۔سردار محمد اسلم بزنجو نے اپنی تقریر میں مجمع سے اپیل کی کہ وہ بطور بلوچ قوم متحد ہو کر زندگی گزاریں ۔

قبائلی شاخ اور زئی میں بٹنے کی بجائے متحد ہوجائیں اس حوالے سے پشتون قوم پر ست ہمیں طعنے دیتے ہیں کہ آپ متحد نہیں ہیں تو ہمیں کوئی کیونکر ہی طعنہ دے لہذا بلوچ قوم کی حیثیت سے آپ متحد ہوجائیں تعلیم کو عام کریں ۔ انہوںنے کہاکہ میں دست بدستہ آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں مردم شماری اور خانہ شماری میں اپنا اندار کروائیں ۔

یہ بلوچ قوم کے لئے موت و زیست کا مسئلہ ہے ۔میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ نیشنل پارٹی کو عوام کی جانب سے جس طرح پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں وہ ہمارے سب کے لئے خوشی کا مقام ہے اب نیشنل پارٹی کار استہ روکنے والا کوئی بھی نہیں کئی پارٹیاں بھی یکجا ہوں پھر بھی نیشنل پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں ۔ لوگ جوق درجوق نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور انشاء اللہ یہ سلسلہ تھمنے والا نہیں ہے آنے والے الیکشن سے قبل ہی عوام کی اتنی بڑی تعداد ہماری جماعت میں آئیگی کہ دیگر جماعتیں اس کا مقابلہ بھی نہیں کرسکیں گی ۔

نیشنل پارٹی کے رہنماء میر سلمان زہری نے کہاکہ قوم پرستی کا دعویٰ تو بہت ساری جماعتیں کررہی ہیں لیکن حقیقی قوم پر ست نیشنل پارٹی ہے آج آپ خضدار کے کسی بھی محلہ اور کوچہ میں گھوم پھر کر آئیں تو وہاں نیشنل پارٹی کا م و کردار نظر آئیگا۔۔۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں