عدالتی نظام کے وقار کو بلند کرنے اور انصاف کی بالا دستی کے لئے بار اور بینچ مل کر شہریوں کو بر وقت انصاف دلانے کے لئے تمام تر اقدامات کریں،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی

ہفتہ 15 اپریل 2017 23:44

خضدار۔15اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کے وقار کو بلند کرنے اور انصاف کی بالا دستی کے لئے لازمی ہے کہ بار اور بینچ مل کر شہریوں کو بر وقت انصاف دلانے کے لئے تمام تر اقدامات کیئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار و عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاضی نذیر احمد ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی نے خضدار میں ججز اور عدالتی عملے کے لئے نئی تعمیر ہونے والے بنگلوز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر جسٹس نعیم اختر افغان ،جسٹس ہاشم کاکڑ ،صوبائی وزیر زراعت و خزانہ سردار محمد اسلم بزنجو ،رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ روزی خان بڑیچ ،انسپیکشن جج منور شاہوانی ،کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار ریٹائرڈ بر گیڈیئر محمد امین ،چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خضدار آغا شکیل احمد درانی ،میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ،ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ ،ڈی آئی جی پولیس احسان منظور ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج خضدارعمران صدیق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انصاف کی فراہمی کے بغیر معاشرہ کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ مل کر ہی عوام کو انصاف فراہم کر سکتے ہیں مملکت کے شہریوں کو بلا غرض انصاف فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے، جس معاشرے میں انصاف کی اہمیت کو اولیت حاصل نہ ہو اس معاشرے میں جرائم پیشہ عناصرسرائیت کر جاتے ہیں۔

چیف جسٹس نے سینٹرل جیل خضدار کا بھی معائنہ کیا، جہاں پر انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے ساتھ مناسب برتائو اختیار کیا جائے انہیں معاشرہ کا کار آمد شہری بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ قیدیوں کو ہنر مند بنانے کے لیئے بھی اقدامات کیئے جائیں تاکہ وہ جیل سے سزا مکمل کرنے کے بعد اپنے خاندان کی بہتر کفالت کر سکیں ۔

انہوں نے صفائی ،سڑکوں کی صورت حال اور سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے بلوچستان ریذیڈیشنل کالج خضدار کا بھی دورہ کیا ۔کلاسوں کا معائنہ کیا بچوں سے سوالات بھی کئے۔ ادارے کے پرنسپل حاجی محمد عالم جتک نے ادارے کی سرگرمیوں اور مسائل سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ قلات کا دورہ کیا اور جج صاحبان و بار کے اراکین سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ شہریوں کو بر وقت انصاف کی فراہمی میں ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں