بلوچ مردم شماری کے عمل کو قومی فریضہ سمجھ کر مکمل ہونے تک اپنے آپ کو وقف کریں ،سردار محمد اسلم بزنجو

مردم شماری پرتحفظات اپنی جگہ ،آبادی کی گنتی کے عمل میں ہر فرد و خاندان بھر پورانداز میں حصہ لیکر اسے کامیابی سے ہمکنار کرے مردم شماری نا صرف ہماری اکثریت ثابت کریگی بلکہ ہمیں ہمارے وسائل ہمیں مہیا کرنے کا سبب بھی بنے گا ،وزیر زراعت بلوچستان ویگر کا اجتما ع سے خطاب

جمعرات 27 اپریل 2017 23:47

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو کی زیر صدارت تحصیل نال میں مردم شماری سے متعلق ایک عوامی اجتماع کا انعقاد۔عوامی اجتماع میںسیاسی زعماء،قبائلی عمائدین و قرب جوار کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، مقصد مردم شماری کے حوالے سے عوام میںشعور وآگاہی بیدار کرنا اور انہیں متحرک بناکراوران کی لسٹیں تیار کرکے مردم شماری کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنا تھا ۔

اجتماع سے صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو، سردار محمد حیات خان ساجدی ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ مولانا عبدالغفار بزنجوو دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچ مردم شماری کے عمل کو قومی فریضہ سمجھ کر اس کے مکمل ہونے تک اپنے آپ کو وقف کریں ، مردم شماری پر ہمیں جو تحفظات تھے وہ اپنی جگہ تاہم اب آبادی کی اس گنتی کے عمل میں ہر فرد و خاندان بھر پورانداز میں حصہ لیکر اسے کامیابی سے ہمکنار کرے ، کامیاب مردم شماری نہ صرف ہماری اکثریت کوثابت کردیگی بلکہ یہ عمل ہمیں ہمارے وسائل ہمیں مہیا کرنے کا سبب بھی بنے گا تو کیونکر ہم اس قومی فریضہ سے کنارہ کشی اختیار کرلیں ، آج کے اس اجتماع کی توسط سے بلوچ قوم سے پُرزور اپیل ہے کہ وہ اپنے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مردم شماری میں انہماک کے ساتھ حصہ لیں اپنے قرب و جوار ، قریہ قریہ ، محلوں گلیوں او روادیوں میں جا کر عوام میں شعورو آگاہی بیدار کردیں ، عوام الناس کی لسٹیں تیار کردیں تاکہ اس مردم شماری میں ایک گھر ایک فردبھی اندارج ہوئے بغیر نہ رہ سکے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں گزشتہ کئی مہینوں سے مردم شماری کے حوالے سے آگاہی مہم چلا رہاہوں اس کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہماری ایک کوتاہی سے ہمارے مستقبل کا نقصان نہ ہو ، آج ہم اپنی ذمہ داری سمجھ کر مردم شماری میں حصہ لیں گے تو مستقبل میں اس کا پھل بھی کھائیں گے ۔ آج یہاں عوام کے جم غفیر کو جمع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ اس مردم شماری کی اہمیت اور مستقبل پر اس کے پڑنے والے اثرات کو سمجھ کراس میں حصہ لیں ، یہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ ہر گھر اور ہر خاندان کی ضرورت ہے آج انیس سال بعد مردم شماری ہورہی ہے تو اس طویل دورانیہ کے دوران ہماری آبادی کافی حد تک بڑھ چکی ہے ،جس کا اندازہ ہمیں نہیں ہے ،ہمیں ہماری آبادی کے لحاظ سے وسائل مہیا نہیں ہورہے ہیں بلکہ انیس سال قبل کی مردم شماری کے تحت محدود وسائل مل رہے ہیں ۔

جب مردم شماری صحیح معنوں میں سوفیصد طریقے سے کامیاب ہوگی تو ہمارے وسائل بھی بڑھیں اور ہماری گنتی کا بھی صحیح معنوں میں اندازہ ہو سکے گا ۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری موت و زیست کا مسئلہ ہے کہ مردم شماری کو ہر ایک فرد و گھرانہ حساس سمجھ کر اس میں اپنی شمولیت کو یقین بنائے اور اس میں حصہ لیکر اسے کامیابی سے ہمکنار کرادے ۔جولوگ آج اس مجمع میں شریک نہیں ہیں ان تک بھی یہ بات وپیغام پہنچائی جائے کہ مردم شماری ہر گھر کی ضرورت اور قومی فریضہ ہے وہ مردم شماری اور خانہ شماری میں اپنے آپ کو شامل کرکے اپنے قصبوں اور محلوں کے تمام گھروں اور خاندان و افراد کا مکمل طور پر شمار کروادیںتاکہ کامیاب مردم شماری بلوچ عوام کی اکثریت کو ثابت کرسکے۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں