خضدارمیں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کاقومی شاہراہ پر دھرنا

اتوار 4 جون 2017 21:51

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2017ء) خضدارمیں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کاقومی شاہراہ پر دھرنا اور احتجاج بدستور جاری ہے ، جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف گزشتہ کئی راتوں سے احتجاج کیا جارہاہے ، عام شہریوں، سیاسی ورکرز اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اور خصوصاً نوجوان طبقہ رات گئے گیارہ بجے سے ڈھائی بجے سحری تک قومی شاہراہ کے کنارے کیمپ لگا کر احتجاج کررہے ہیں ۔

جھالاوان سوشل فورم خضدار کے نمائندہ سیاسی رہنماء سمیع رئوف بلوچ کی قیادت میں منظم ہو کر عوامی مسائل کو اجا گرکرنے کے لئے وسیع پیمانے پر مہم چلارہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں بجلی کے مسئلے کو اجا گرکرنے او رخضدار سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے مہم چلایا جارہاہے اگلے مرحلے میں دیگر عوامی مسائل پر آواز بلند کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

خضدار میںگزشتہ چار راتوں سے قومی شاہراہ پر چمروک کے قریب کیمپ لگا کر جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام احتجاج کیا جارہاہے ۔

کیمپ کے شرکاء سے بی این پی (عوامی) خضدار کے آرگنائزر ڈاکٹر حضور بخش زہری ،نیشنل پارٹی خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل پیپلز پارٹی خضدار کے رہنماء انجینئر حبیب قادر زہری ایڈوکیٹ خالد ، نیشنل پارٹی کے رہنماء میر عبدالوہاب غلامانی،بی این پی مینگل کے رہنماء سفر خان مینگل خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی جھالاوان سوشل فورم کے رہنمائوں سمیع رئوف بلوچ سید محمدعلی شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار کے عوام کے ساتھ نارواسلوک جاری ہے ہر سطح پر یہاں کے عوام کا استحصال ہورہاہے اور ان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے ۔

آج بھی خضدار کے عوام کے حقیقی مسائل کی جانب کوئی بھی توجہ مبذول نہیں کیا جارہاہے ۔ چاہے وہ مسئلہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ہو یاپینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی و عدم دستیابی ، اورتعلیم وصحت کے مسائل ہوں ہر سہولت سے خضدار کے شہری یکسر محروم ہیں اس حوالے جھالاوان سوشل فورم ہی عوامی ترجمانی کے لئے خضدار کے شہریوں کو منظم کررہی ہے اور گزشتہ کئی راتوں سے خضدار میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا جارہاہے ہم ارباب اختیار کو بتادینا چاہتے ہیں کہ خضدار بجلی کی نعمت سے یکسر محروم ہے دیگر اضلاع کو بغیر کسی لوڈ شیڈنگ کے مکمل بجلی فراہم کی جارہی ہے لیکن خضدار اس لوڈ شیڈنگ کی زدمیں ہے اور بجلی کی سہولت سے محروم ہے ۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ اور گرمی کے دنوںمیں طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ۔ اس سلسلے میں ہمارا یہ احتجاج اور دھرناپُرامن طریقے سے جاری ہے بلکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے کہ ہم ان مسائل پر آواز بلند کریںاور ارباب اختیار کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں ۔ سمیع رئوف بلوچ نے کہاکہ عوام کی جانب سے بھر پورانداز میں پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ اس دھرنے میں بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں پہلے مرحلے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری ہے اور جس کے بعد اگلے مرحلے میں پانی کی قلت ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف آواز بلند کی جائیگی ۔ اور عوامی نمائندوں کو بتادیا جائیگا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل میں دلچسپی لیں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں