خضدار‘ برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور اس قتل عام میں اقوام متحدہ کی خاموشی کے خلاف احتجاجی ریلی کاانعقاد

جمعرات 7 ستمبر 2017 19:08

خضدار۔07 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) تحصیل زہری کے علاقہ نورگامہ میں زہری سول سوسائٹی کے زیر اہتمام برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور اس قتل عام میں اقوام متحدہ کی خاموشی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر برما ،کشمیر اور افغانستا ن میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اور برما کی وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے مطالبات درج تھے ۔

ریلی نے مختلف شاہراوں سے گزرتی ہوئی مرکزی چوک پر مظاہرے کی شکل اختیار کی۔ مظاہرین سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما میں حکومت اور کفری قوتوں نے ملکر مسلمانوں کے قتل عام شروع کر رکھا ہے‘ مختصر عرصے میں ہزاروں مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا اور مسلمانوں کے شہادت کا سلسلہ تا ہنوز جاری ہے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو باقاعدہ حکومتی سطح پر نشانہ بنا کر یہ ثابت کر دیا گیا ہے کہ برما کی حکومت دہشت گرد حکومت ہے‘ مقررین نے حکومتی دہشت گردی پر اقوام متحدہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ صرف کفری قوتوں کی دہشت گردی کو تحفظ فراہم کرنے والا ایک ادارہ بن گیا ہے۔

مقررین نے مسلمان ممالک کے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے وہ برما سے مکمل بائیکاٹ کرکے احتجاجاً اپنے سفیروں کو واپس بلا لیں اور برما کے سفیر وں کو اپنے اپنے ممالک سے فارغ کر دیں اور برما کی حکومت کو وارننگ دیں کہ وہ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند کر دیں اوروہ باز نہیں آئے تو ان کے خلاف مشترکہ ایکشن لیں۔ مقررین نے کشمیر میں بھارت کے مظالم اور افغانستان میں امریکہ کے مظالم کی بھی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں