نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں بھائی چارے کی روایت قائم کررکھی ہے ،میر عبدالرحیم کرد

اتوار 15 اکتوبر 2017 17:41

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ، نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء میر محمد اشرف مینگل ،نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل دھنی بخش غلامانی ، میر عبدالوہاب غلامانی ، ناصر کمال مینگل و دیگر نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں سیاست ، مروت، رواداری اور بھائی چارے کا جو سلیقہ اور روایت قائم کررکھی ہے اس کی مثال دیگر جماعتوں میں ملنا محال و ناممکن ہے ۔

متوسط طبقہ کی رہنمائی ، ان کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لئے ہماری پارٹی نے جو پروگرام دیا اس کے اثرات پورے بلوچستان میں نظرآرہے ہیں ۔ہم عوام کے حق حکمرانی کے بدولت اگلے الیکشن میں جائیں گے اور کامیابی بھی حاصل کرلیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بی این پی مینگل اور مسلم لیگ (ن) سے مستعفی ہو کر نیشنل پارٹی میں شمولیت کرنے والے سیاسی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

فراہم کردہ لسٹ کے مطابق فیروز آباد سے ٹکری قادر بخش ، میر گہور خان خلیل احمد سابق کونسلر حاجی حمزہ خان حاجی محمدامین شمس الدین غلام حسین غلام رسول بلال احمد یحیٰ ان رحمت اللہ محمد عالم محمد جان ،نذیراحمد حاجی محمد ابراہمی خلیل احمد عبدالحمید حاجی علی شیر غلام جان محمد اسماعیل سعید احمد استاد محمد عبدالرئوف عبدالحکیم عبدالطیف نے باقائدہ طور پر نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر خضدار میرعبدالرحیم کرد نے کہاکہ صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو غریب متوسط طبقہ اور ہاری کسان و مزدور کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کی دلجوئی کی ہے یہ خصوصیت کسی اور پارٹی اور اس کے نمائندے میں نظر نہیں آتی ہے ۔ صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو کی یہ طرّہ امتیاز ہے کہ انہوںنے غریب عوام ہی کا نمائند ہ اپنے آپ کو باور کرایا ہے اور ان کی غمی و خوشی میں شریک رہ کر انہیں کبھی بھی بیگانگی کا احساس نہیں دلایا ہے ۔

عوام نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم ہی کو چن کر اپنے مستقبل کا بہتر دانشمندانہ فیصلہ کررہے ہیں ۔عوام کے مسائل اسی پارٹی کے بدولت حل ہونگے ۔ آج فیروز آباد سے بی این پی اور مسلم لیگ (ن) سے مستعفی ہو کر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی ورکرز کو ہم اپنی پارٹی میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ دستیاب وسائل کے اند ررہتے ہوئے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں گے ۔

دیگر مقررین نے کہاکہ نیشنل پارٹی کلاشنکو کلچر سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ورکرز امن و آشتی اور قلم و کتاب کی طرف متوجہ کرتی ہے یہ نیشنل پارٹی کی پالیسی ہے کہ نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ہی ان کے مستقبل کو بنایاجاسکتا ہے ۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی بھی امن میں ہے نیشنل پارٹی کی پالیسیوں اور کوششوں کی وجہ سے بلوچستان میں امن ہے اور یہ سارا کریڈٹ نیشنل پارٹی ہی کو جاتا ہے ۔

آج بلوچستان میں لوگ پُرسکون انداز میں اپنے گھروں میں رہتے ہیں اور باعزت روزگار بھی کمارہے ہیں ۔ پارٹی میں شمولیت کرنے والے سیاسی کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ فیروز آباد میں نیشنل پارٹی پہلے سے بھی زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوگی ۔اور وہ پارٹی کے لئے محنت کرکے مذید ورکرز کو اس پلیٹ فارم پر لیکر آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں