نیب نے نواز شریف ،مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کیلئے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی

لاہور ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ،2 ٹیمیں اسلام آباد ،2 لاہور ایئر پورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ‘ نجی ٹی وی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے ،سکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائیگا،نیب لاہور منتقل کرنے بارے بھی مشاورت

پیر 9 جولائی 2018 18:11

نیب نے نواز شریف ،مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کیلئے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سابق وزیرا عظم محمد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کیلئے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی ،نیب لاہور کی 2 ٹیمیں اسلام آباد جبکہ 2 لاہور ایئر پورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب ہیڈکوارٹر لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دینے پر غور کیا گیا، نیب کی 2 ٹیمیں اسلام آباد جبکہ 2 لاہور ایئر پورٹ پر تعینات کرنے پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم میں 6 سے 7 نیب کے اہلکار ہوں گے جبکہ پولیس کی مدد الگ ہوگی، نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مشاورت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز شریف کی متوقع لاہور آمد پر انہیں ایئرپورٹ پر گرفتار کرنے کے بعد حج ٹرمینل سے باہر لانے پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے اور سکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائے گا، نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد نیب لاہور کی حوالات منتقل کرنے اور بعد ازاں انہیں جیل منتقل کرنے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں