آئندہ عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کلین سویپ کرے گی‘ سینیٹر سراج الحق

منگل 10 جولائی 2018 15:40

لاہور۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پاکستا ن کے سینئر نائب صدر و امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ (ن)لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے ،25جولائی کو ایم ایم اے کی کامیابی یقینی ہے ، آئندہ عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کلین سویپ کریگی۔

گزشتہ روزیہاں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم ملک کو سودی اور کرپشن کے نظام سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔عالمی اسٹیبلشمنٹ ،امریکا اور برطانیہ کے غلام اب اسلام کا راستہ نہیں روک سکتے۔ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں میں کوئی پانامہ لیکس کا بیمار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانی شہر ی ہیں ، ہم ٹیکس ادا کرتے ہیں ، مشکل اوقات میں ہم قربانیاںبھی دیتے ہیں ‘آخر کیا وجہ ہے کہ پاکستان میں غریبوں کے بچوں کے لیے علیحدہ او ر امیروں کے بچوں کے لیے علیحدہ سکول ہیں ، سڑکیں عوام کے ٹیکسوں سے بنتی ہیں چوک میں سرخ بتی کا احترام بھی صرف غریب لوگ کرتے ہیں لیکن وی آئی پی اور نام نہاد لیڈر اورلینڈ کروزر میں چلنے والے سرخ بتی کا احترم نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ہسپتال میں غریب عوام قطار میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں،میں پوچھنا چاہتاہوں کہ کیا ملک انہوں نے بنایا تھا ۔انہوں نے کہاکہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا گیا ، ہمیں آج ملک کو غلامی کے شکنجے سے آزادکرانا ہے ،شہر کی بیٹیاں رات کو سونے کے بجائے پانی کے لیے لگی قطار میں باری کاانتظارکرتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کلین اور گرین پاکستان چاہتی ہے‘ اس ملک کوکرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی مملکت بنائیں گے ،موجودہ قیادتیں ناکام ہوچکی ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں