ڈی جی ایل ڈی اے نے ون ونڈو سیل پر زیر التوا ء درخواستوں کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی

منگل 10 جولائی 2018 17:00

لاہور۔10 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ون ونڈو سیل پر زیر التواء درخواستوں کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے،ون ونڈو سیل کو فاسٹ ٹریک پر چلایا جائے ‘شہریوں کی درخواستوں پر غیر ضروری اعتراضات نہ لگائے جائیں،افسران اور ملازمین شہریوں کی خدمت کریں ‘لوگوں کو تنگ کرنے والوں کی اب یہاں کوئی گنجائش نہیں، شہریوں کوان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں،تمام ڈائریکٹوریٹ ہر ہفتے نمٹائی جانے والی درخواستوں کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کریں،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ضروری ہواتو میں خود ون ونڈو پر کام کروںگی،ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا‘ وہ مختلف کائونٹرز پر گئیں اور وہاں آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کر کے ان کے فوری حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے،اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہائوسنگ)ذیشان شبیر رانااور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے،ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر سینئرسٹیزنز (بزرگ افراد)اور خواتین کیلئے خصوصی کائونٹرقائم کر دیئے گئے ہیں،پراپرٹی کی ملکیتی دستاویزات کی آن لائن تصدیق کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کائونٹر بھی بنا دیا گیا ہے،آمنہ عمران خان نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پرکم سے کم وقت میں عمل درآمد کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ون ونڈو سیل کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گی تا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر کیلئے این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کیلئے آنے والوں کے جائز اور قانونی کاموں کی انجام دہی بروقت یقینی بنائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ عملے کی طرف سے تاخیری حربوں اور بدعنوانی کی شکایات دور کرنے کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا عمل دخل بھی ختم کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں