نواز شریف کو گرفتار نہیں ہونے دوں گی۔۔۔ اگر ایسا کیاگیا تو!

بیٹے کی محبت میں ماں نے بڑا اعلان کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 جولائی 2018 12:37

نواز شریف کو گرفتار نہیں ہونے دوں گی۔۔۔ اگر ایسا کیاگیا تو!
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ نے بیٹے کے استقبال کے لیے 13 جولائی کو لاہور ائیر پورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل پر نواز شریف کی والدہ کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کو گرفتار نہیں ہونے دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالا گیا تو میں بھی اس کے ساتھ جیل جاؤں گی۔

یاد رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز نے 13 جولائی بروز جمعہ وطن واپس آنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے نیب نے بھی لاہور ائیر پورٹ پہنچتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دئے ہیں۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو 1 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

نواز شریف پر 8 ملین پاؤنڈر اور مریم نواز پر 2 ملین پاؤنڈز کا جُرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اتوار کے روز نیب کی دو رکنی ٹیم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا اور انہیں احتساب عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز نے بھی 13 جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گے۔

ان کی وطن واپسی کے پیش نظر نیب نے ان کی گرفتاری اور ائیر پورٹ پر سکیورٹی انتظامات کے لیے اقدامات شروع کر دئے ہیں۔ نیب لاہور کی 2 ٹیمیں اسلام آباد ائیر پورٹ جبکہ 2 ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم میں 6 سے 7 نیب کے اہلکار ہوں گے جبکہ پولیس کی مدد الگ ہوگی، نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے۔

لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری اور اسلام آباد منتقلی کے لیے نیب کو ہیلی کاپٹر دینے کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں مجرموں کو امگریشن حکام گرفتار کر کے نیب حکام کے حوالے کریں گے جس کے بعد لاہور ائیرپورٹ سے ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد منتقل کیا جائے گا، ائیرپورٹ کی سکیورٹی کہ ذمہ داری نگران صوبائی حکومت کے پاس ہوگی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے اور سکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں