پارٹی قائد نواز شریف کا وطن واپسی پر استقبال کرنا ہمارا سیاسی حق ہے،مشاہد حسین سید

بدھ 11 جولائی 2018 13:56

پارٹی قائد نواز شریف کا وطن واپسی پر استقبال کرنا ہمارا سیاسی حق ہے،مشاہد حسین سید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کو خط لکھ دیا‘ خط میں کہا گیا کہ آپ کی حکومت انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی پابند ہے‘ دفعہ 144 کا نفاذ جمہوری روایات کی پامالی ہے‘ پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا استقبال کرنا ہمارا سیاسی حق ہے۔

بدھ کو مشاہد حسین سید نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کو خط لکھا۔ خط کے متن کے مطابق راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سوسے زائد کارکنوں‘ امیدواروں اور سینیٹرز کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا گرفتاریوں سے سیاسی ماحول میں بگاڑ پیدا ہوا۔ ایسا اقدام ہمارے سیاسی مخالفین کو انتخابات میں فری ہینڈ دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

کارکنوں امیدواروں اور سینیٹرز کی گرفتاریاں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے آپ کی حکومت انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی پابند ہے۔

پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا استقبال کرنا ہمارا سیاسی حق ہے ہمیں ہمارے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ دفعہ 144 کا نفاذ جمہوری روایات کی پامالی ہے دفعہ 144 کا اس موقع پر نفاذ انتخابی ماحول پر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش ہے میری آپ سے درخواست ہے کہ فوری طور پر ان تمام اقدامات کو واپس لیں ایسے اقدامات سے تاثر پیدا ہوگا کہ آپ پری پول دھاندلی میں شریک ہوگئے ہیں۔ اقدامات فوری واپس نہ لئے تو سیاسی ماحول میں بگاڑ پیدا ہوگا۔ اقدامات واپس نہ لئے تو شفاف انتخابات کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان پیدا ہوں گے امید ہے کہ آپ میرے اس خط میں اٹھائے گئے نکات پر فوری ایکشن لیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں