برآمدات میں اضافہ کے لئے صنعتی شعبہ کو سستی توانائی کی فراہمی ناگزیر ہے، راجہ وسیم

بدھ 11 جولائی 2018 15:30

لاہور۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار) لاہورکے نائب صدر راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے صنعتی شعبہ کو سستی توانائی کی فراہمی ناگزیر ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی پر کہا کہ برآمدات میں اضافہ سے ہی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ، انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے سستی توانائی کی فراہمی ناگزیر ہے کیونکہ خطے کے دیگر ممالک میں گیس اور بجلی کے نرخ پاکستان کے مقابلے میں 50 فیصد تک کم ہیں اس کے علاوہ وہاں کم اجرتوں پر دستیاب افرادی قوت کے باعث ان ممالک کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس لئے گیس اور بجلی کے نرخوں میں کمی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے کیوں کہ صنعتی پیداوار پر آنے والی لاگت میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں جاری مسابقت میں پیچھے رہی ہیں اور اسی وجہ سے ان کی جگہ دیگر ممالک کی مصنوعات لے رہی ہیں، انہوںنے کہا کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کمی کا شکار ہیں، راجہ وسیم حسن نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے مثبت اقدامات اور خصوصی مراعات ازحد ضروری ہیں کیوں کہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں