اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا ملک تا قیامت قائم رہے گا، پاکستان عطیہٴ خداوندی ہے ، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے

کمانڈنٹ ڈیفنس سروسز انٹیلی جنس اکیڈمی بریگیڈیئر شفیق الرحمن کا تقریب سے خطاب

بدھ 11 جولائی 2018 19:30

لاہور۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا ملک تا قیامت قائم ودائم رہے گا، پاکستان عطیہٴ خداوندی ہے ، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے، نئی نسل کو دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے،پاک فوج نے قوم کے تعاون سے ہر بحران پر قابو پایا ہے، یہ ملک ہماری پہچان ہے اور آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا چاہئے، ان خیالات کا اظہار کمانڈنٹ ڈیفنس سروسز انٹیلی جنس اکیڈمی بریگیڈیئر شفیق الرحمن نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 18ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پرپروفیسر محمد یوسف عرفان، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان و دیگر افراد بھی موجود تھے، بریگیڈیئر شفیق الرحمن نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تحریک پاکستان والے جذبوں کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا یہ ملک ہمارے آباواجداد نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا، پاکستان نہ صرف قائم ودائم بلکہ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور دنیا کی کسی بھی سپر پاور کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مسلمانوں کے جذبے سے عالمی طاقتیں خوفزدہ ہیں، ایک سازش کے ذریعے ہمارے ہاں اداروں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہر ادارے کا اپنا کام ہے اور وہ یہ کام کرر ہا ہے، پوری قوم کو متحد ہو کر ملکی تعمیروترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے، نئی نسل اللہ پر کامل یقین رکھتے ہوئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائے، اساتذہ کا ادب اور والدین کا فرمانبردار بنیں اسی سے آپ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوں گے۔ آخر میں طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے، سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے مہمانوں کو ٹرسٹ کا لٹریچر اور یادگاری شیلڈیں پیش کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں