چیف سیکرٹری کی والڈ سٹی اتھارٹی کے ماسٹرپلان پر تجاویز طلب کر نے کی ہدایت

حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے بسنت کی بحالی کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے‘اکبر درانی

بدھ 11 جولائی 2018 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے ماسٹر اینڈری ڈیویلپمنٹ پلان پر تمام متعلقہ محکموں سے تجاویز طلب کر کے سات دن میں رپورٹ بھجوائی جائے۔وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ قومی اثا ثہ ہے ، اسکا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شاہی قلعہ ، مسجد وزیر خان اور دیگر تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کی بحالی اور تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری کو ہدایت کی کہ تمام حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے بسنت کی بحالی کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ تاریخی عمارتوں اور مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکمے محنت سے کام کریں اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں اور ماہرین سے بھی مدد حاصل کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں تاریخی عمارتوں اور مقامات کے تحفظ سے متعلق شعور اور آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ تاریخی اہمیت کے حامل دیگر شہروں میں بھی تاریخی عمارتوں کی بحالی اور تحفظ کیلئے کام شروع کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری نے شاہی قلعہ ، مسجد وزیر خان اور دیگر تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ خزانہ ، قانون، اوقاف کے سیکرٹریز، ڈی جی آرکیالوجی، یوسف صلاح الدین ، ڈپٹی کمشنرلاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں