اپنے حلقہ کے تمام پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ‘امیر العظیم

بدھ 11 جولائی 2018 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان اور حلقہ این اے 135اور پی پی161سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار امیرالعظیم نے کہا ہے کہ اپنے حلقہ کے تمام پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معا ملہ میں سفارش اور مال بنانے کے بجائے سو فیصد میرٹ کا خیال رکھا جائے گا۔

اعظم گارڈن ملتان روڈ میں معززین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب تک اقتدارمیںرہنے والوں نے یا تو اپنے بھانجھوںبھتیجوںکو سرکاری نوکریاں دلوائیںیا یہ نوکریاں بے روزگار نوجوانوں کو فروخت کیں۔ اس قبیح جرم پر احتساب کرنا نیب کی ذمہ داری ہے ، ووٹرز اور بے روزگار نوجوان ان ظالموں کے خلاف اپنا احتجاج ووٹ دے کر ریکارڈ کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک اورپرائیوٹ سیکٹر میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے علاقے کے دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والے معززین پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اسی کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگار ی کے باعث ہمارے نوجوان جرائم کی طرف بڑھ رہے ہیںہم اپنے اس اثاثہ کو ضائع نہیں ہونے دیں گے بلکہ انہیں باعزت روزگار فراہم کرکے ملک کے مفیدشہری بنائیں گے۔ اس موقع پر اعظم گارڈن کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت میاں حاجی حبیب اللہ اور نوجوان سماجی رہنما رضوان یوسف نے امیر العظیم اور ذکراللہ مجاہد کی حمایت کا اعلان کیا۔ دریں اثناء امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد نے علاقہ نواب ٹائون، سن فورٹ سوسائٹی، اور آرکیٹکیٹ سوسائٹی میں معززین سے ملاقاتیں کیںاور ڈور ٹو ڈورمہم میں کارکنوں کے ساتھ شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں