نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر ان کا پر امن رہ کر استقبال کریں گے، شہباز شریف

الیکشن پرسوالات اٹھے تو اپنا آئینی قانونی سیاسی حق استعمال کرینگے، مسلم لیگ (ن) نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرکے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی، عمران خان نے خیبر پختونخوا تباہ کر دیا الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بن چکا ہے، سیاسی مخالفین آج ہمارا تماشا دیکھ کر خوش ہوتے ہیں کل ان کا ہم سے بھی زیادہ برا حال ہو گا، صدر مسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعلی پنجاب کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 12 جولائی 2018 00:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) صدر مسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز13 جولائی کو وطن واپسی کے موقع پر ان کا پر امن رہ کر استقبال کریں گے الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بن چکا ہے میں تین بار وزیر اعلیٰ رہا مگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی گرفتاریوں سے ڈرنے والا نہیں پہلے بھی ہتھکڑیاں لگ چکی ہیں ۔

سیاسی مخالفین آج ہمارا تماشا دیکھ کر خوش ہوتے ہیں کل ان کا ہم سے بھی زیادہ برا حال ہو گا الیکشن پرسوالات اٹھے تو اپنا آئینی قانونی سیاسی حق استعمال کرینگے بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دو روز قبل راولپنڈی میں پولیس نے (ن) لیگ کے کارکنوں کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیاں کیں ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں پر پرچے کاٹے گئے اور حنیف عباسی کو دھمکیاں دی گئیں ۔

33 ارب کی کرپشن کرنے والے گوندل برادرز عمران خان کی گود میں جا کے بیٹھ گئے ہیں ۔ بابر اعوان نندی پور منصوبے میں بدترین کرپشن کے ذمہ دار ہیں ان کو بھی عمران خان نے اہم پارٹی عہدہ دیدیا۔ سیاسی مخالفین آج ہمارا تماشا دیکھ کر خوش ہوتے ہیں کل ان کا ہم سے بھی زیادہ برا حال ہو گا ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی قیادت نے اگر ملک کو ترکی اور ملائیشیا کے مقابلے میں کھڑا کرنا ہے تو ملک کی خاطر ایک ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ چند سال قبل لوڈ شیڈنگ سے عوام کا برا حال تھا لوگ ذہنی مریض بن رہے تھے ۔ مگر آج مسلم لیگ (ن) نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرکے عوام کو اس عذاب سے چھٹکارا دلایاہے ۔ نواز شریف اس ملک کے لئے سی پیک کا تحفہ لے کر آئے ۔ ملک بھر میں ہزاروں کلومیٹر کے موٹرویز اور سڑکیں بنائیں ہیں ہم دھرنوں اور لاک ڈائون کے سخت خلاف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں گیس کی کمی کو دور کیا ۔ ہمارے دور حکومت سے پہلے یہاں میلوں لمبی لائنیں تھیں ۔ سردیوں میں ہر سیکٹر میں عورتیں احتجاج کرتی تھیں کہ کھانا بنانے کے لئے گیس نہیں مگر اب لوگوں کو اس کوفت سے بھی نجات مل چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور پولیس ہمارے امیدواروں پر دبائو ڈال رہی ہے اس لئے بعض لوگ پارٹی چھوڑ گئے حالات اس طرح رہے تو انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھیں گے ۔

الیکشن کمیشن میں دھاندلی ہوئی تو قوم کے سامنے ایکسپوز کریں گے ۔ 25 جولائی کو ہمارے امیدوار لوٹوں کو سبق سکھائیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن شفاف ہوئے تو نتائج من و عن تسلیم کرینگے ۔ صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ الیکشن پرسوالات اٹھے تو اپنا آئینی قانونی سیاسی حق استعمال کرینگے ۔ عمران خان الزام خان ہے یہ شخص بے بنیاد الزامات لگاتا ہے اور اس کی جھولی میں کوئی اچھا کام نہیں ہے اس نے صوبہ خیبر پختونخوا کو برباد کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن شفاف نہ ہوئے تو 26 جولائی کے بعد احتجاج رکے گا نہیں بلکہ شروع ہو گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں