نواز شریف کی والدہ کی ائیر پورٹ آمد تک نواز شریف اور مریم نواز کا طیارے سے باہر نہ آنے کا منصوبہ

جب تک والدہ اور پارٹی کے اہم رہنما ائیر پورٹ نہیں پہنچیں گے طیارے سے باہر نہیں نکلیں گے۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 جولائی 2018 10:58

نواز شریف کی والدہ کی ائیر پورٹ آمد تک نواز شریف اور مریم نواز کا طیارے سے باہر نہ آنے کا منصوبہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی بروز جمعہ کو وطن واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور رہنما مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر ان کا پُر تپاک استقبال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور ورکرز نے پارٹی قائد کے استقبال کے لیے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔

نواز شریف کی والدہ نے بھی اس موقع پر ائیر پورٹ جانے اور اپنے بیٹے کو گرفتار ہونے سے بچانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر میرے بیٹے کو گرفتار کیا گیا تو میں بھی اس کے ساتھ جیل جاؤں گی۔ ائیر پورٹ پر نواز شریف کی والدہ کی آمد اور ام پارٹی رہنماؤں کی متوقع آمد کے پیش نظر نواز شریف اور مریم نواز نے ایک اور منصوبہ بندی کر لی ہے جس کے تحت نواز شریف کی والدہ اور پارٹی کے اہم رہنماؤں کی ائیر پورٹ آمد تک نواز شریف اور مریم نوازطیارے سے باہر نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق نا اہل سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور ان کے ساتھ آنے والے دیگر لیگی کارکنوں کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے اور یہ مقدمہ کار سرکار میں مداخلت کرنے اور طیارہ ہائی جیکنگ کا کیس بھی بن سکتا ہے ۔ مصدقہ ذرائر کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور لیگی کارکنوں نے یہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے کہ وہ طیارے سے اس وقت تک باہر نہیں نکلیں گے جب تک اہم لیگی رہنما ،کارکن اور نوازشریف کی والدہ طیارے تک نہیں آ جاتیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اور ان کے ساتھی طیارے کے اندر رہ کر مزاحمت کریں گے اور کوشش کریں گے کہ کسی صورت میں نیب یا قانون نافذ کرنے والے ادارے نوازشریف کو طیارے کے اندر سے لے کر نہ جا سکیں ۔ یہی نہیں اس حوالے سے نوازشریف مکمل تیاری بھی کر چکے ہیں اور کچھ عالمی میڈیا کے لوگوں کو بھی اپنے ساتھ لے کر آ رہے ہیں۔ اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ ائیر لائن نے بھی اپنا کام مکمل کر لیا ہے ۔

اگر نوازشریف اور ن لیگی کارکن ایسی حرکت کرتے ہیں اور طیارے میں کافی دیر تک قبضہ کر کے اندر ہی بیٹھے رہتے ہیں تو اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن اور ایئرلائنز کے انٹرنیشنل رول کے مطابق ان پر مقدمہ درج ہو سکتا ہے اور اس میں جہاں نوازشریف اور مریم نواز شکنجے میں آئیں گے وہاں ساتھ آئے کارکنوں پر بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے جمعہ کے روز پارٹی قائد کی آمد پر لاہور ائیر پورٹ پر ان کا پُر تپاک استقبال کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے بھی کہہ رکھا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز لاہور ائیر پورٹ پر آئیں گے اور اپنے کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ اس حوالے سے نیب اور ائیر پورٹ سکیورٹی نے بھی اپنی حکمت عملی اور سکیورٹی معاملات ترتیب دے دئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔ ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے خواتین کو آگے رکھنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت کی صورت میں خواتین کو ہی آگے رکھا جائے ، اسی صورت میں ووٹرز کی ہمدردی حاصل کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں