ماہ میں 3 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر، شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ‘ڈاکٹر حسن عسکری

معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا،پودوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے ہماری اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے کہ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس کارخیر میں شامل ہوں‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ آفس میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

جمعرات 12 جولائی 2018 19:09

ماہ میں 3 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر، شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ‘ڈاکٹر حسن عسکری
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے وزیراعلیٰ آفس میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے 8 کلب روڈ کے لان میں پودا لگایا اور دعا مانگی۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے۔

شجرکاری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لہٰذا عوام شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری زمین کو سرسبز و شاداب اور ماحول صاف بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔شجرکاری شفاف ماحول کے ساتھ ساتھ معاشی ومعاشرتی فوائد کا ذریعہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوتی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ درخت اور پودے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو اور زمین کے کٹائو کو روکنے کا اہم ذریعہ ہیں اور ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس کارخیر میں شامل ہوں کیونکہ شجرکاری ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے بعدپودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا بھی معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف سایہ دیتے ہیں بلکہ ان سے پھل بھی حاصل ہوتا ہے، لہٰذا ان دونوں مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پودے لگائے جانے چاہئیں جو تناور درخت بنیں تو سایہ بھی دیں اور پھل بھی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں جنگلات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ شجرکاری مہم کے دوران صوبہ بھرمیں 3 ماہ میں 3کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے جبکہ شجرکاری مہم کے تحت پی ایچ اے لاہور میں درخت لگائے گی جس سے شہر کے قدرتی حسن کو بحال کرنے میں مدد ملے گی اور شجرکاری مہم کے تحت پی ایچ اے مختلف اقسام کے پودے اور پھل دار درخت لگائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انفرادی و اجتماعی سطح پراپنے ماحول کو آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرنا ہے اور اس ضمن میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگانے چاہئیں۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آکسیجن پیدا کرنے کا قدرتی ذریعہ درخت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کا بھی قدرتی ذریعہ ہیں اور ماحولیاتی آلودگی روکنے کا کام انسانیت کی خدمت ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کے دوران اپنے گھروں میں پودے لگائیں اور جس قومی مہم میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیںکیونکہ پودے اور درخت شہروں کے قدرتی حسن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صاف ماحول بھی مہیا کرتے ہیں۔شہری شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اس مہم کو کامیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی پودے لگا کر اس مہم کو کامیاب کیا جائے گا۔ نگران صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی، احمد وقاص ریاض، ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں