کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

ایم ایم اے اقتدار میں آکر مزدوروں کے حقوق کیلئے ترجیحی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کرے گی ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 12 جولائی 2018 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں مزدور اور مالک کے درمیان فرق بہت کم پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہاں امیر اور غریب کے حقوق یکساں ہیں۔

بدقسمتی سے کلمہ کی بنیاد پر حاصل کی جانے والی ریاست میں ہر شعبے میں مزدوروں کے حقوق کا استحصال ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب کے زیر اہتمام -"قومی انتخاب میں مزدور وں کے کردار-" کے عنوان کے نام سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان فرید احمد پراچہ ، این ایل ایف کے ذمہ داران ملک عبدالعزیز ، محمد امین مہناس ، چوہدری عبدالواحد ، لیاقت بیگ ، میاں اعجاز ، محمود خان ، رانا اصغر سمیت بڑی تعداد میں مزدوروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اسلام میں مزدور کے حقوق کی سخت تلقین فرمائی گئی ہے بحیثت مسلمان ہمیں زندگی کے ہر شعبہ میں مزدوروں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سال میں ایک بار مزدور ڈے منا کر حکمران طبقہ اور نا م نہاد این جی اوز مزدوروں کے حقو ق کی بات کرتی تو نظر آتی ہیں مگر عملی طور پر کبھی کسی نے سنجیدگی سے مزدوروں کے حقو ق کے تحفظ کیلئے اقدامات نہیں اُٹھائے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے ہی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھاتی آئی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ مزدور بھائی اپنے حقوق کے حصول کیلئے اسلام پسند ،ایماندار قیادت کا ساتھ دیتے ہوئے کتاب کے نشان پر لڑنے والے امیدواران کا ساتھ دیں اور انھیں اپنے ووٹ کی طاقت سے اسمبلیوں میں پہنچائیں ۔ ایم ایم اے اقتدار میں آ کر مزدوروں کے حقو ق کیلئے ترجیحی بنیادوں پر انقلابی اقدامات کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں